حکومت نے بلوچستان کی ترقی پر توجہ مرکوز کررکھی ہے، سی پیک اور ترقیاتی منصوبوں سے بلوچستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے،

حکومت، فوج اور قوم نے مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سبی میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 19 فروری 2020 13:54

حکومت نے بلوچستان کی ترقی پر توجہ مرکوز کررکھی ہے، سی پیک اور ترقیاتی ..
سبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت نے بلوچستان کی ترقی پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے، سی پیک اور ترقیاتی منصوبوں سے بلوچستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے، حکومت، فوج اور قوم نے مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا ہے، پاکستان پر امن ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے، ملک کو متعدد چیلنجز درپیش ہیں تاہم جعلی خبروں کے ذریعے مایوسی پھیلائی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سبی میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ سبی میلہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، حکومت بلوچستان کی ترقی پر بھرپور توجہ مرکوز کررہی ہے، پاک چین اقتصادی راہداری سے بلوچستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، گوادر بندر گاہ پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چینی سامان اس تجارتی راستے سے گزر کر سمندر تک جائے گا۔

خصوصی اقتصادی زون کے قیام سے بلوچستان میں ترقی میں تیزی آئے گی، بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا رقبہ سب سے زیادہ ہے جبکہ یہ طویل ساحلی علاقہ بھی رکھتا ہے، اس علاقے میں فش فارمنگ کو فروغ دے کر برآمدات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے جس سے ملکی معیشت بھی مستحکم ہو گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بکریاں چرانا انبیاء کرام کی سنت ہے، مویشی بافی کو فروغ دے کر ذرائع آمدن میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں چھوٹے ڈیم بنانے پر توجہ دینی چاہیے اس سے ہمیں پانی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی، پانی کی قلت کے باعث تہذیبوں کو نقل مکانی کرنی پڑتی ہے اور لوگ پانی کی تلاش میں دوسری جگہ منتقل ہوجاتے ہیں، ہمیں پائیدار بنیادوں پر پانی کے مسئلہ کے حل پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، قوم اور پاک فوج نے مل کر ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کیا ہے، دہشت گردی کے چند واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشت گرد آخری سانسیں لے رہے ہیں، پاکستان پر امن ملک کے طورپر ابھر کر سامنے آرہا ہے جہاں بیرون ملک سے سرمایہ کاری آرہی ہے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں مختلف تقریبات اور کانفرنسز میں دنیا بھر سے لوگ آرہے ہیں، ملک کی ترقی کا عمل جاری رہے گا، جعلی خبروں سے مایوسی پھیلائی جا رہی ہے، ملک کو مختلف چیلنجزدرپیش ہیں جن کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔