سندھ سے کوئی دہشت گرد نہیں نکلا لیکن دہشت گرد یہاں لائے جاتے ہیں،سندھ باب الاسلام ہے اور صوفیا کرام کی سرزمین ہے، مراد علی شاہ

سندھ 60 فیصد گیس پیدا کرتا ہے، تھر میں 88 بلین ٹن کوئلے کے ذخائر ہیں، تھر کے کوئلے پر سب سے پہلے محترمہ بینظیر بھٹو نے کام شروع کیاتھا، وزیراعلیٰ سندھ

بدھ 19 فروری 2020 14:57

سندھ سے کوئی دہشت گرد نہیں نکلا لیکن دہشت گرد یہاں لائے جاتے ہیں،سندھ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2020ء) وزیر اعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہاہے کہ سندھ سے کوئی دہشت گرد نہیں نکلا لیکن دہشت گرد یہاں لائے جاتے ہیں،سندھ باب الاسلام ہے اور صوفیا کرام کی سرزمین ہے، سندھ فطری طور پر صوفیا کرام کی وجہ سے پرامن رہا ہے، سندھ 60 فیصد گیس پیدا کرتا ہے، تھر میں 88 بلین ٹن کوئلے کے ذخائر ہیں، تھر کے کوئلے پر سب سے پہلے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کام شروع کیاتھا۔

بدھ کووزیراعلیٰ ہائوس میں زیر تربیت اسسٹنٹ کمشنرز سے ملاقات کے دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ پورے ملک میں قتل و غارت ہو رہی تھی، ہر طرف افراتفری، بم دھماکے، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا کے واقعات جاری تھے، پھر حکومت نے فیصلہ کیا کہ ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا جائے، پاک فوج نے ضربِ عضب آپریشن شروع کیا، پاکستان کے عوام کی مدد سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑی اور ان کو ختم کیا، آج پورا ملک خاص طور پر سندھ پرامن ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ سندھ 60 فیصد گیس پیدا کرتا ہے، تھر میں 88 بلین ٹن کوئلے کے ذخائر ہیں، تھر کے کوئلے پر سب سے پہلے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کام شروع کیا، بینظیر بھٹو نے ہانگ کانگ کی کمپنی سے معاہدہ کیا تاکہ مائننگ کر کے پاور پلانٹ لگا سکیں، ان کے بعد والی حکومت نے وہ معاہدہ ختم کر دیا اور ملک لوڈشیڈنگ کی نذر ہو گیا۔انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت تھر میں مائننگ کی اور سی پیک کے تحت 660 میگا واٹ کا پاور پلانٹ لگایا، یہ ملک کی سب سے بڑی پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ تھی اور ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ونڈ انرجی کے ذریعے 50000 میگاواٹ پوٹیشنل ہے اور اس وقت ہم 1100 میگا واٹ ونڈ انرجی کی پیداوار کر رہے ہیں۔ سندھ میں ہوا سے 50 ہزار میگا واٹ بجلی بنائی جاسکتی ہے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارا پی پی پی یونٹ ایشیا میں چھٹے نمبر پر بیسٹ یونٹ ہے، دریائے سندھ پر سندھ حکومت نے اپنے وسائل سے 2 پل بنائے ہیں۔

انہوںنے وفاق حکومت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ جب وفاق سے جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ سندھ کو منتقل ہوئے تو ان کا بجٹ 700 ملین روپے تھا اور ہمارا بجٹ ان اسپتالوں کے لیے 13 بلین روپے ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے شعبہ صحت، روڈسیکٹر، تھر میں آر او پلانٹس، کاروبار کرنے میں آسانی کیلئے ون ونڈو آپریشن جیسے اہم اقدامات کئے ہیں۔