حکومت فنکاروں کی خدمات کے اعتراف میں ان کی حوصلہ افزائی کا عزم کئے ہوئے ہے‘سعدیہ سہیل رانا

اعلی احکام کی طرف سے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت فنکاروں کی مالی معاونت کو بھرپور سراہا جارہا ہے‘سیکرٹری انفارمیشن راجہ جہانگیرانور

بدھ 19 فروری 2020 15:07

حکومت فنکاروں کی خدمات کے اعتراف میں ان کی حوصلہ افزائی کا عزم کئے ہوئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2020ء) لاہورآرٹس کونسل الحمراء میں آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کمیٹی کا 7واں اجلاس ہوا جس کی صدارت ممبر پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کی۔اجلاس میں سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر راجہ جہانگیر انور،ایگزیکٹوڈائریکٹرلاہورآرٹس کونسل الحمراء اطہرعلی خان ،ڈائریکٹرجنرل پلاک ثمن رائے ومحکمہ انفارمیشن اینڈ کلچر کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کی تقسیم کے حوالے سے پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے ساتھ ایم اویو سائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اگلے مالی سال سے فنکاروں کی رجسٹریشن کے لئے موبائل ایپلی کیشن متعارف کروانے کی تجویز زیر غورآئی۔ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا نے کہا کہ حکومت فنکاروںکی خدمات کی معترف ہے،یہ ہماراسرمایہ اور ملکی نیک نامی کا باعث ہیں جن کی حوصلہ افزائی ہماری ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکومت اپنے فنکاروں کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ اسکی زندہ مثال ہے۔سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر راجہ جہانگیر انور نے اجلاس میں بتایا کہ 17سو سے زائد فنکاروں کی مالی معاونت کے اقدام کو اعلی حکام بھرپور سراہا رہے ہیں ،جو آئندہ بھی اسی عزم سے جاری رہے گا،اس حوالے سے تمام امور میں میرٹ اور شفافیت کو ملخوظِ خاطر رکھا گیا ہے،انھوں نے اجلاس میں بتایا کہ محکمے کے تمام افسران آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے امور تندہی سے سرانجام دے رہے ہیں۔

ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء اطہرعلی خان نے اس حوالے سے کہا کہ معاشرہ کی خوبصورتی میں آرٹسٹ اپنا کلیدی کردار ادا کررہے ہیں،الحمراء فنکاروں کی خدمات کے اعتراف میں گاہے بگاہے پروگرام منعقد کررہا ہے جو اادب و ثقافت کی ترویج وترقی کا ذریعہ ہیں۔اجلاس میںشرکاء نے فنکاروں کی فلاح وبہود کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز بھی دیں۔