بھارت ہمارے ساتھ اچھا سلوک نہیں کرتا .ڈونلڈ ٹرمپ

نئی دہلی سے بڑا تجارتی معاہدہ کر رہے ہیں ‘ ہم یہ حاصل کرلیں گے . امریکی صدر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 19 فروری 2020 16:30

بھارت ہمارے ساتھ اچھا سلوک نہیں کرتا .ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 فروری۔2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور بھارت اہم تجارتی معاہدے پر کام کر رہے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ نومبر میں صدارتی انتخابات سے قبل یہ مکمل ہوپائے گا یا نہیں.ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پہلے سرکاری دورے پر 24 فروری کو بھارت پہنچیں گے جس کے لیے مذاکرات کار کئی ہفتوں سے معاہدے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے امریکا کو بھارت کی ڈیری اور پولٹری مارکیٹس تک رسائی حاصل ہوگی اور دیگر مصنوعات پر ٹیرف میں کمی آئے گی.

(جاری ہے)

تاہم اب تک کوئی بڑا اعلان سامنے نہیں آیا ہے ا ور امریکا کے تجارتی نمائندہ رابرٹ لائٹیزر کے طے شدہ دورہ منسوخ کیا جاچکا ہے جو ڈونلڈ کے دورے سے قبل ہونے والے مذاکرات میں پیش مشکلات ظاہر کرتا ہے. امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے میری لینڈ میں ایئر فورس ون کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم بھارت سے تجارتی معاہدہ حاصل کرسکتے ہیں تاہم میں اس بڑے معاہدے کو بعد کے لیے بچا رہا ہوں.

انہوں نے کہا کہ ہم بھارت سے بڑا تجارتی معاہدہ کر رہے ہیں اور ہم یہ حاصل کرلیں گے تاہم معلوم نہیں کہ یہ انتخابات سے قبل ہوپائے گا یا نہیںبھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جنہوں نے ٹرمپ کے ساتھ ذاتی تعلقات قائم کرنے کی کوششیں کی ہیں، اب انہیں آئندہ ہفتے گجرات کے ایک کرکٹ اسٹیڈیم میں ان کے اعزاز میں ایک تقریب کی میزبانی کی تیاری کر رہے ہیں.

احمد آباد میں ”ہیلو ٹرمپ“ نامی روڈ شو کے پیش نظر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت ہمارے ساتھ اچھا سلوک نہیں کرتا مگر مجھے نریندر مودی بہت پسند ہیں اور انہوں نے بتایا ہے کہ ایئرپورٹ سے تقریب کے مقام تک ہم 70 لاکھ لوگوں کو اکٹھا کریں گے. بھارت، چین کے بعد امریکا کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے جن کی اشیا اور سروسز کی تجارت 2018 میں 1 کھرب 42 ارب ڈالر رہی تھی گزشتہ سال امریکا نے 23.2 ارب ڈالر کی اشیا کی تجارت کی تھی جو اس کی اشیا کی تجارت کا نواں بڑا شراکت دار رہا تھا.