فیصل آباد ،چھوٹے کاشتکاروں کو امداد باہمی کی تنظیموں کے ذریعے فصلات خریف کیلئے قرضوں کی فراہمی اپریل میں شروع کرنے کا اعلان

بدھ 19 فروری 2020 19:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) : پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک نے فصلات خریف کیلئے قرضوں کی فراہمی اپریل میں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہاہے کہ چھوٹے کاشتکاروں، کسانوں اور امداد باہمی کی تنظیموں کے ممبران کواڑھائی ارب روپے کے قرضے آسان شرائط پر جاری کئے جائیں گے تاکہ وہ زرعی اجناس کی کاشت کیلئے بیج ، کھاد اور دیگر ضروری اشیاء خرید کربروقت فصلات کی کاشت کے ذریعے سرسبز زرعی انقلاب لانے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکیں۔

پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے بتایاکہ بینک چھوٹے کاشتکاروں کو تمام ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہاہے تاکہ انہیں فصلات کی کاشت میں وسائل کی کمی کے باعث کسی مشکل یا پریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کاشتکاروں اور بینک کے قرض داروں کابھی یہ فرض ہے کہ وہ فصلات ربیع کیلئے حاصل کئے گئے قرضے بروقت ادا کردیں تاکہ نئے قرضوں کی فراہمی و حصول میں انہیں کسی مشکل کاسامنا نہ کرناپڑے۔

انہوںنے بتایاکہ اس ضمن میں تمام برانچز کے منیجرز اور دیگرعملہ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کاشتکاروں کو قرضہ جات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور قرضوں کی فراہمی میں کسی تاخیر ، سستی یاغفلت کامظاہرہ نہ کیاجائے۔ انہوںنے کہاکہ اچھی کارکردگی کے حامل بینک کے افسران و اہلکاران کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائیگی اور انہیں انعامات سے بھی نوازا جائیگا جبکہ دوسری جانب ناقص کارکردگی کامظاہرہ کرنے والوں سے باز پرس بھی کی جائے گی۔

انہوںنے بتایاکہ بینک کی تمام برانچز کو آٹومیٹڈ کردیاگیا ہے اور برانچز کا تمام ریکارڈ بھی کمپیوٹرائزڈ کیاجارہاہے ۔ انہوںنے بتایاکہ غیر فعال قرضوں کی وصولی کیلئے اقدامات جاری ہیں اور بینک کی بھرپور کوشش ہے کہ افہام وتفہیم سے بینک کے غیر فعال قرضہ جات کی وصولی کامقررہ ہدف حاصل کرلیاجائے تاکہ کاشتکاروں کو مزید قرضوں کی فراہمی میں آسانی ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :