Live Updates

منتخب نمائندوں سے کوارڈی نیشن کے بہترین نتائج سامنے آئینگے، ماڈل تھانوں کی تعداد بڑھائی جائے گی‘عثمان بزدار

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت گوجرانوالہ ڈویژن کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کا اجلاس،ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا گیا سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹس شامل کرنے کی تجاویز پر غور،وزیراعلیٰ نے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے ہدایات دیں شوبازی کا دور گزر چکا ، اب صرف کام ہوتا ہے، عوام کی حقیقی خوشحالی کیلئے سماجی شعبوں کی ترقی پر فوکس کیا ہے‘ وزیر اعلیٰ پنجاب

بدھ 19 فروری 2020 20:10

منتخب نمائندوں سے کوارڈی نیشن کے بہترین نتائج سامنے آئینگے، ماڈل تھانوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت 90شاہراہ قائداعظم پرگوجرانوالہ ڈویژن کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہائوالدین، حافظ آباد، نارووال اور سیالکوٹ کے اضلاع میں جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیااورآئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹس شامل کرنے کی تجاویز پر غورکیاگیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے ہدایات دیں۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں اور نئی سکیموں کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی میرے ساتھی ہیں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے کوآرڈینیشن کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔صوبے میں ماڈل تھانوں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔منتخب نمائندوں کی ترجیحات کے مطابق ان کے حلقوں میں ترقیاتی کام ہوں گے۔ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں انصاف ہوگا۔انہوںنے کہا کہ حافظ آباد میں یونیورسٹی کے منصوبے کو آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گجرات میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کھاریاں منڈی بہائوالدین روڈ کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔سکولوں اور ہیلتھ فسلیٹیز کو اپ گریڈ کرکے لوگوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتیں فراہم کریں گے۔انہوںنے کہا کہ اراکین اسمبلی کی مشاورت سے تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کیلئے فنڈز دیں گے۔

گوجرانوالہ ڈویژن کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے بھی وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ منتخب نمائندوں کی مشاورت سے عوام کی ترقی و خوشحالی کے پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ہم سب نے ٹیم ورک کے طورپر صوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔انہوںنے کہا کہ وزارت اعلی صرف عہدہ نہیں بلکہ بہت بڑی ذمہ داری ہے ۔عوام کی خدمت مشن اور اوڑھنا بچھونا ہے۔ سابق حکمرانوں نے صوبے کے عوام کی اصل ترجیحات کو نظر انداز کیا۔

انہوںنے کہا کہ ماضی میں ذاتی نمائش کیلئے منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے۔ شوبازی کا دور گزر چکا ، اب صرف کام ہوتا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کی حقیقی خوشحالی کیلئے سماجی شعبوں کی ترقی پر فوکس کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں ہر طرح کے مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو لوٹنے والے مافیاز کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے منتخب نمائندوں کو ان کے حلقوں میں وزیراعلیٰ کی حیثیت دی ہے۔ ڈویژن اور ضلعی سطح کی کمیٹیوں میں منتخب نمائندوں کو شامل کرکے انہیں عزت دی گئی ہے۔ آپ اپنے وعدے پورے کرتے ہیں۔ منتخب نمائندوں سے مشاورت کا سلسلہ خوش آئند ہے۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں آپ کی انتظامی ٹیم بہترین کام کر رہی ہے۔

صوبائی وزراء پیر سید سعیدالحسن شاہ، محمد اخلاق، محمد رضوان،اراکین قومی اسمبلی سید فیض الحسن، حاجی امتیاز احمد چوہدری، چوہدری شوکت علی بھٹی، اراکین صوبائی اسمبلی سلیم سرور جوڑا، میاں محمد اختر حیات، چوہدری لیاقت علی، محمد ارشد چوہدری، محمد طارق تارڑ، ساجد احمد خان، گلریز افضل گوندل اور محمد مامون تارڑ نے اجلاس میں شرکت کی۔

چیف وہیب رکن پنجاب اسمبلی سید عباس علی شاہ،سیکرٹری گڈ گورننس پنجاب اعجاز منہاس ،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم، صوبائی محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن، آر پی او گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہائوالدین، گجرات، نارووال، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز و ڈی پی اوزبھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات