عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں موجود ثقافتی و تعمیراتی ورثے کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں،چیف سیکرٹری آزاد کشمیر

بدھ 19 فروری 2020 20:13

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2020ء) چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت ’’پھیرن و کانگڑی‘‘ ڈے کے موقع پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر ، سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ ،سیکرٹری سروسز چوہدری لیاقت حسین،سیکرٹری اطلاعات ، سیاحت وآئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد ،سیکرٹری جنگلات سید ظہور الحسن گیلانی، سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل منصور قادر ڈار ،سیکرٹری سپورٹس ڈاکٹر شہلا وقار ، سیکرٹری ہائرایجوکیشن ظہیر الدین قریشی، سیکرٹری انڈسٹریز خواجہ احسن ،سیکرٹری قانون ارشاد احمد قریشی ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی اعجاز احمد خان ،سیکرٹری حکومتسردار ظفرخان، ڈائریکٹر جنر ل اطلاعات راجہ اظہر اقبال ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات بشیر احمد چوہدری ، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد بشیر مرزا ودیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام شرکاء نے کشمیری پھیرن پہن کرشرکت کی اور کانگڑی اٹھائے کشمیری ثقافت کی نمائش کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا نے کہاکہ آزادکشمیر میں ایسے وقت میں پھیرن و کانگڑی ڈے منارہے ہیں جب لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب ہندوستان نے پھیرن پر پابندی لگا رکھی ہے ۔ہندوستان کشمیریوں کی تہذیب و ثقافت کو تباہ کرنے کے درپے ہے ، ہمیں بھارت کی جانب سے کشمیری ثقافت کے خلاف یلغار کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی ثقافت کی حفاظت کرنی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں دستکار مشکل کا شکار ہیں، وہاں مسلم ثقافت اور فن زوال پذیر ہو رہی ہے۔ عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں موجود ثقافتی و تعمیراتی ورثے کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ کشمیر کی دستکاری اور کشیدہ کاری کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر ، سیکرٹری اطلاعات ، سیاحت و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد اور سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل منصور قادر ڈار، سیکرٹری جنگلات سید ظہور الحسن گیلانی ، سیکرٹری سپورٹس و کلچر ڈاکٹر شہلا وقار نے کہاکہ کشمیر عظیم تہذیب و ثقافت کا وارث خطہ ہے۔

اس کی دستکاری دنیا میں مشہور ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد اپنی ثقافت کے ساتھ ایک تعلق قائم رکھنا ہے۔بھارت کشمیری ثقافت کو پامال کرنے کے درپے ہے جس کے خلاف آزادکشمیر بھرمیں پھیرن و کانگڑی ڈے منایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے اور ان کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے ۔