ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 69سالگرہ دنیا کے سو سے زائد ممالک میں منائی گئی

بدھ 19 فروری 2020 20:39

ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 69سالگرہ دنیا کے سو سے زائد ممالک میں منائی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2020ء) بانی پاکستان عوامی تحریک ،عالم اسلام کے عظیم مفکر ،قائد انقلاب ،شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 69سالگرہ دنیا بھر میں منائی گئی۔ دنیا کے پانچوں براعظموں میں 100سے زائد ممالک میں سیمینارز ،اور دعائیہ تقریبات ہونگی۔دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن کے تمام مراکز،تعلیمی اداروں،سماجی اداروں سمیت عوامی تحریک کے تمام دفاتر میں لاکھوں لوگوں نے شیخ الاسلام کی دینی،علمی،سیاسی،سماجی،تعلیمی ،اقتصادی ،انقلابی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان الیاس مغل کے مطابق پاکستان میں چاروں صوبوں ،بشمول گلگت،بلتستان،شمالی علاقہ جات میں تقریبات ہونگی۔پاکستان کے علاوہ بھارت،مقبوضہ کشمیر،بنگلہ دیش،سعودی عرب،چین،متحدہ عرب امارات،مشرق وسطیٰ،ڈنمارک،برطانیہ ،عمان امریکہ سمیت دنیا کے پانچوں براعظموں میں قائد انقلاب کی صحت یابی،درازی عمر،سلامتی کیلئے دعائیہ اجتماعات ہوئے۔

(جاری ہے)

کراچی میں مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان عوامی تحریک مشتا ق صدیقی،جنرل سیکرٹری رائو کامران محمود،ثاقب نوشاہی،قیصر اقبال قادری،ڈاکٹر شہزاد قریشی نے کہا ڈاکٹر طاہر القادری جیسے لوگ صدیوںمیں خوش نصیب اقوام کو نصیب ہوتی ہیں ۔انھوں نے کہا قائد انقلاب کی فکری اور عملی کاوشیں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اسلام کے حقیقی پیغام امن و محبت کی خوشبو پھیلا رہی ہیں ۔

ڈاکٹر طاہر القادری واحد مسلم مفکر ہیں جنکی کتب دنیا بھر کی بے شمار یونیورسٹیز میں پڑھائی جاتی ہیں اور آپکی خدمات پر دنیا بھر کی یونیورسٹیاں پی ایچ ڈی کروا رہی ہیں ۔قائد انقلاب وہ پہلے سیاسی لیڈر ہیں جنہوں نے پاکستان کے کرپٹ نظام کو للکارا اور اصلاحات کیلئے جدوجہد کی ۔آج پوری دنیا داکٹر طاہر القادری کو سفیر امن اور ایک عظیم علمی مفکر و شخصیت کے طور پر مانتی اور جانتی ہے ۔ان قائدین نے کہا ڈاکٹر طاہر القادری نے مسلم امہ کی تعلیم و تربیت کیلئے اب تک 596کتب اور صرف پاکستان میں ایک ہزار سے زائد تعلیمی ادارے دئے جو جہالت کے اندھیرے ختم کر کے علم کی روشنی پھیلا رہے ہیں ۔