سپریم کورٹ ، گیس انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کیس پر سماعت ( کل ) تک ملتوی

بدھ 19 فروری 2020 20:49

سپریم کورٹ ، گیس انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کیس پر سماعت ( کل ) تک ملتوی
اسلام آباد۔ 19 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) سپریم کورٹ نے گیس انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کیس پر سماعت ( کل ) جمعرات کے روز تک ملتوی کر دی ہے۔بدھ کے روز جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی۔جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ کیا جی آئی ڈی سی پر پارلیمنٹ میں بحث ہوئی تھی۔جس پر نجی کمپنی کے وکیل انور کمال نے عدالت کو بتایا کہ پارلیمنٹ میں تمام بحث اتفاق رائے لانے کیلئے ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے کہ منصوبوں کے اثرات تو پورے ملک پر ہوں گے۔ وکیل انور کمال نے دلائل دیئے کہ کے پی کے اور سندھ میں گیس کا ایشو پنجاب سے زیادہ ہے، چاروں صوبوں کی ہائیکورٹس نے مختلف فیصلے دیئے ہیں، اسلام آباد، پشاور اور سندھ کی عدالتوں نے درخواستوں پر حکم امتناع جاری کئے، پنجاب ہائیکورٹ نے درخواستوں پر حکم امتنا ع نہیں دیا۔ جسٹس مشیر عالم نے نجی کمپنی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ حکومت نے عدالت میں بیان دیا ہے کہ سیس کی رقم موجود ہے، وضاحت کیلئے حکومت سے دوبارہ بھی پوچھ لیں گے۔