سپریم کورٹ نے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق کیس کی سماعت دو ماہ کیلئے ملتوی کر دی

بدھ 19 فروری 2020 21:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) سپریم کورٹ نے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق کیس کی سماعت دو ماہ کیلئے ملتوی کر دی ہے۔ بدھ کو جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی۔ عدالتی استفسار پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اقلیتوں کے حقوق سے متعلق کمیشن کو آئندہ ہفتے تک دفتر فراہم کردیا جائے گا، متروکہ وقف املاک کے دفتر میں 2500 مربع فٹ کا دفتر فراہم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوران سماعت رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے عدالت کو بتایا کہ دفتر سمیت تمام معاملات کو وزیراعظم عمران خان کے نوٹس میں بھی لایا گیا ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ عدالت عظمی کمیشن کے معاملے میں سنجیدہ ہے۔ سربراہ کمیشن شعیب سڈل نے عدالت کو بتایا کہ اقلیتوں کے حقوق کیلئے عدالتی فیصلے کے مطابق نیشنل کونسل بھی بنانی ہے۔ عدالت نے سندھ حکومت کو عدالت عظمی کے فیصلے پر عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کی آ خری مہلت دیتے ہوئے سماعت دو ماہ تک کیلئے ملتوی کر دی۔ عدالت نے سپریم کورٹ کی جانب سے بنائے گئے کمیشن کو ایک ہفتے میں دفتر کیساتھ تمام سہولیات فراہم کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔