Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے ڈیڑھ برس میں ڈوبتی معیشت کو استحکام دے کر کرپشن مافیا کے ہوش اڑا دیئے، صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان

بدھ 19 فروری 2020 20:58

وزیراعظم عمران خان نے ڈیڑھ برس میں ڈوبتی معیشت کو استحکام دے کر کرپشن ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) وزیر اطلاعات و کالونیزپنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن نے اپنے دور اقتدار میں پاکستان کی معیشت کو تباہی سے دوچار کرنے ، ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبانے ، وفاقی و صوبائی اداروں کو کنگال کرنے اور عوام کو فاقوں سے دوچار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی لیکن پاکستان کے ہیرو عمران خان نے ڈیڑھ برس میں ڈوبتی معیشت کو استحکام دے کر کرپشن مافیا کے ہوش اڑا دیئے ہیں، وہ جو سوچتے تھے کہ تباہ حال پاکستان کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کرنا پی ٹی آئی حکومت کے بس کی بات نہیں ، وہ تیزی سے ترقی پر گامزن موجودہ پاکستان کو دیکھ کر انگشت بدنداں ہیں،اپوزیشن کی تمام تر مخالفت اور سازشوں کے باوجود پاکستان اس وقت عالمی توجہ کا مرکز ہے اور اقوام عالم کے رہنما وزیراعظم پاکستان کے ساتھ ہیں اورپاکستان کو معیشت ، سرمایہ کاری ، سیاحت اور زندگی کے ہر شعبے کے حوالے سے کامیابی کی طرف گامزن دیکھ رہے ہیں، دنیا وزیراعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کے معترف ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں راجہ محمد علی ، فرید حسین شاہ، صفدر ساہی، اظہر اقبال ستی، راجہ ماجد دھنیال، طاہر خان، مسعود شاہ ، مختار ستی ، حاجی صفدر ، ملک یونس ، راجہ نزاکت ، نفیس خان ،یونین کونسلوں کے سابق چیئرمینوں، نائب چیئرمینوں، کونسلرز، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی -فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سابق حکومت نے 21 ارب ڈالر کا خسارہ چھوڑا، گیس اور بجلی کے شعبے تباہ حال کئے ، کرپشن اور لوٹ مار کے ریکارڈ قائم کئے لیکن وزیراعظم پاکستان نے برسراقتدار آتے ہی پاکستان کو مدینہ کی ریاست کے طور پر ترقی دینے کا عہد کیا اور ان کے وژن اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب میں 72 لاکھ خاندانوں کے لیئے مقررہ ہدف کے تحت سوا سات لاکھ روپے فی کس کے حساب سے ہیلتھ انشورنس سکیم سے اب تک 49 لاکھ افراد میں ہیلتھ کارڈ تقسیم ہو چکے ہیں- یہ وہ کارنامہ ہے جس کی توفیق اب تک کسی حکومت کو نہیں ہوئی - مسلم لیگ (ن) نے سابقہ دور میں کے پی کے حکومت کی نقل میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کی نقل کی جو پنجاب کے محض 14 اضلاع تک محدود رہی اور اس میں سے پریمیئم ادا نہ کئے جانے پر غریبوں کو علاج کی سہولت حاصل نہیں ہو سکی - اس کے مقابلے میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مستحق افراد کو بہترین ہسپتالوں میں علاج کی سہولیات فراہم کی ہیں اور یہ مدینہ کی ریاست کے قیام کی طرف پہلا قدم ہے - انہوں نے کہا کہ اب ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف آپریشن جاری ہے ، مہنگائی کا قلع قمع کرکے غریب عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا جا رہا ہے - وزیراعظم پاکستان نے دوست ممالک کے تعاون سے مالیاتی اداروں کی 10 ارب ڈالر کی ادائیگی ممکن بنائی جو ان کی کامیاب سفارت کاری کی مثال ہے - فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سابقہ حکومت نے چوہدری پرویز الہی کی کوششوں سے منظور ہونے والے ملتان کے کارڈیالوجی سنٹر کو 8 سال اور وزیر آباد کارڈیالوجی سنٹر کو دس سال تک نہیں بننے دیا- وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی طرف سے منظور کرائے گئے راولپنڈی کے ماں و بچہ ہسپتال کوجو 70فیصد مکمل ہو چکا تھا کو بھی نہیں بننے دیا گیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ حکومت کے دور اقتدار میں ایسے ترقیاتی منصوبوں کو بھی جاری رکھنے کی ہدایت کی جن پر صرف 30 فیصد کام مکمل ہوا تھا - انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی صوبے میں سابق حکومت کی طرف سے شروع کیا گیا مفاد عامہ کا کوئی بھی منصوبہ بند نہیں کیا- فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اپنوں کی بے وفائی کا رونا رونے والے مولانا فضل الرحمن ایک بار پھر مارچ کی تیاریاں کر رہے ہیں ان کا ہر حربہ اور بیسیوں اے پی سی ناکامی سے دوچار ہو چکی ہیں- چیئرمین سینٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں مولانا فضل الرحمن سمیت تمام اپوزیشن کو منہ کی کھانا پڑی ہے - عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت کی کامیابی نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے حوصلے پست کر دیئے ہیں اور حکومت کے خلاف آٹے اور چینی کا بحران پیدا کرنے والوں کی تمام سازشیں ناکام ہو گئی ہیں ، آٹے اور چینی کے گودام پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے راہنماؤں کے گوداموں سے برآمد ہو رہے ہیں - صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چینی مہنگی کرنے کا الزام پاکستان تحریک انصاف کے راہنما جہانگیر ترین پر دھرنے والوں کی حقیقت یہ ہے کہ ملک میں 100 شوگر ملز میں سے صرف 3 شوگر ملز جہانگیر ترین کی ہیں ، 16شوگر ملز آصف زرداری اور 16 مسلم لیگ (ن) کی ہیں لیکن منافقت کا عالم یہ ہے کہ اپنے جرائم کا الزام دوسروں کے سر تھونپا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2020 پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے قائدین او رکارکنان شہریوں کو موجودہ حکومت کے ترقیاتی و اصلاحاتی پروگراموں سے آگاہی کے لیئے زیادہ سے زیادہ کام کریں۔ تقریب کے آخر میں ضلعی بیت المال کے رکن طاہر خان نے فیاض الحسن چوہان اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات