محمد اعجاز عباسی کی زیرصدارت اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سی ڈی اے کمیٹی کا اجلاس

سی ڈی اے تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے،اسلام آباد چیمبر

بدھ 19 فروری 2020 21:23

محمد اعجاز عباسی کی زیرصدارت اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سی ڈی اے کمیٹی کا ایک اجلاس کنوینر محمد اعجاز عباسی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تاجر برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ سی ڈی اے اور ایم سی آئی اسلام آباد کی مارکیٹوں کی حالت بہتر بنانے اور تاجروں کی سہولت کیلئے اقدامات اٹھانے پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں چیمبر کے صدر محمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان سمیت زبیر احمد ملک، خالد اقبال ملک، طارق صادق، میاں شوکت مسعود، ظفر بختاوری، زاہد مقبول، احمد حسن مغل، چوہدری وحید الدین، ناصر قریشی، محمد اسلم کھوکھر، خالد چوہدری،طاہر ایوب، مرزا محمد علی اور احمد خان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں موجود تمام شرکاء نے کہا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ ایم سی آئی نے قانونی طریقہ کار اپنائے بغیر ٹیکسوں میں ہزاروں گنا اضافہ تجویز کر دیا ہے جو بلا جواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیکس میں اضافہ کرنے سے پہلے اخبار میں اشتہار دیا جاتا ہے اور عوامی سماعت کی جاتی ہے لیکن ایم سی آئی نے قانونی تقاضے پورے کئے بغیر ٹیکسوں میں اضافہ کی تجویز دی ہے، تاجر برادری اس اضافے کی بالکل متحمل نہیں ہو سکتی۔

انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ کہوٹہ انڈسٹریل ٹرائینگل کی ترقی کیلئے سی ڈی اے فوری اقدامات اٹھائے۔ چیمبر کی سی ڈی اے کمیٹی کے کنوینر محمد اعجاز عباسی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے نے گذشتہ کئی سالوں سے مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کئے جس سے مارکیٹوں کی حالت کافی خراب ہو گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ مارکیٹوں میں فٹ پاتھ اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، پارکنگ کی سہولت دستیاب نہیں ہے، سٹریٹ لائٹس پوری طرح کام نہیں کر رہی ہیں جبکہ سیوریج نظام اور صفائی کے انتظامات بھی تسلی بخش نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے بار بار مطالبے کے باوجود سی ڈی اے اور ایم سی آئی مسائل حل کرنے کی طرف توجہ نہیں دے رہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمٰن خان اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور سی ڈی اے و ایم سی آئی سے پرزور مطالبہ کیا کہ مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں کے مسائل حل کرنے کیلئے جلد اقدمات اٹھائے جائیں۔