وزیر اعظم ہنر مند پاکستان پروگرام کے طلباء کے لیے تعارفی تقریب کا انعقاد

سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام تقریب میں جامعہ کے اصول و ضوابط سے آگاہ کیاگیا

بدھ 19 فروری 2020 22:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2020ء) سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام وزیر اعظم ہنر مند پاکستان پروگرام کے طلباء کے لیے تعارفی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں انھیں کلاسوں کے باقاعدہ آغاز سے قبل جامعہ کے اصول و ضوابط سے آگاہ کیا گیا۔وزیر اعظم ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت سرسید یونیورسٹی میں طلباء کو چھ شعبوں میں پیشہ وارنہ مہارت کی تعلیم دی جائے گی جن میں ،گیم ڈیولیپمنٹ اینڈ ماڈلنگ ، انٹر نیٹ آف تھنگز (737984 ) سسٹم دیولپمنٹ اینڈ اپلیکیشن ، سیسکو نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر میں سرٹیفیکیٹ ، پروجیکٹ مینجمنٹ پروفیشنل ، بلاک چین پروگرامنگ ، انڈسٹریل آٹومیشن۔

ان کورسز کو زبردست پذیرائی ملی ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرار سید سرفراز علی نے کہا کہ نئے آئیڈیاز ، نئے تصوارات ، نئے نظریات کی وجہ سے سر سید یونیورسٹی کا شمار پاکستان کی بہترین جامعات میں ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ہم نئی فکر، نئے رجحانات اور نئے خیالات کی ہمت افزائی کرتے ہیں۔ انھوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پوری توجہ اور دلچسپی سے اپنی تعلیم مکمل کریں اوراپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔

ڈین انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر طلعت الطاف نے کہا کہ جاپان میں 50,000 سے زائد ہنر مند کارکنوں کی ضرورت ہوتی ہے اور سرسید یونیورسٹی کے پیش کردہ عملی کورسز کی پاکستان میں اور بیرونِ ملک بہت زیادہ ڈیمانڈ ہے۔ڈین بیسک اینڈ اپلائیڈ سائنسز، ڈاکٹر عقیل الرحمن نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ یہ کورسز پوری توجہ اور دلچسپی سے مکمل کر لیں توانڈسٹری آپ کی خدمات اور مہارت مستعار لینے پر مجبور ہوجائے گی۔اسسٹنٹ پروفیسر نعمان علی خان نے سر سید یونیورسٹی کی بہترین انتظامی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ امیدواروں کا انتخاب قابلیت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔#