پختہ یقین،مصمم ارادہ انسان کو منزل تک پہنچاتا ہے، ڈاکٹر حسین محی الدین

ڈاکٹر طاہرالقادری کی 69ویں سالگرہ پر طلبا ء کو لاکھوں روپے کے سکالرشپ ایوارڈدئیے گئے

بدھ 19 فروری 2020 23:52

لاہور۔19 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) بانی و سرپرست منہاج یونیورسٹی لاہور ’’شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری‘‘کی 69ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 19 طلباء و طالبات کو لاکھوں روپے کے سکالر شپ ایوارڈ دئیے گئے اور یونیورسٹی کے ٹیچنگ اور کلیریکل سٹاف میں سے 3 خوش نصیبوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے عمرہ کے ٹکٹ دئیے گئے۔

فاؤنڈرز ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ رواں سال ذہین بچوں کو 26لاکھ روپے کے سکالر شپ دئیے گئے اور سینکڑوں بچوں کو فیسوں میں جزوی رعایت دی گئی اور یہ رقم بھی کروڑوں میں ہے، منہاج القرآن کا تعلیمی ویژن ذہین مگر غریب بچوں کیلئے زیادہ سے زیادہ اعلیٰ تعلیم کی سہولتیں مہیا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پختہ یقین اورمصمم ارادہ انسان کو منزل تک پہنچاتا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہمیشہ کہتے ہیں زندگی میں کامیابی یا ناکامی کی کوئی اہمیت نہیں ہونی چاہیے، اصل اہمیت مسلسل جدوجہد کی ہے، جو شخص بھی نیک نیتی کے ساتھ مقاصد کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھتا ہے اسے 100فیصد نتائج ملیں یا نہ ملیں وہ کامیاب و کامران شخص ہے، کامیابی کا لالچ اور ناکامی کا خوف انسان کو کمزور کر دیتا ہے۔

تقریب میں خرم نواز گنڈا پور،وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد،پرو وائس چانسلر ڈاکٹر محمد شاہد سرویا، بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، معروف اینکر پرسن اجمل جامی،سابق منیجر پاکستان کرکٹ بورڈ اظہر زیدی،سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی،راجہ زاہد محمود،سید امجد علی شاہ،جی ایم ملک و دیگر رہنماؤں بڑی تعداد میں شرکت کی۔

وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عالم اسلام کا سرمایہ ہیں، انہوں نے پاکستان اور پاکستان کے باہر فروغ تعلیم اور تفہیم دین کیلئے تقریری، تحریری سطح پر جو خدمات انجام دی ہیں وہ قابل رشک ہیں۔فاؤنڈرز ڈے کی تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 69 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی درازی عمر کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

سالگرہ کے موقع پرڈیپارٹمنٹ آف ماس کمیونیکیشن کی جانب سے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زندگی کے حوالے سے ایک ڈاکومینٹری بھی دکھائی گئی جسے حاضرین نے خوب سراہا۔فاؤنڈرز ڈے تقریب میں ریکٹر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر محمد اسلم غوری، رجسٹرار منہاج یونیورسٹی کرنل (ر) محمد احمد خان، کنٹرولر امتحانات صبیح صلاح الدین ڈپٹی ڈائریکٹر امتحانات حیدر علی ڈائریکٹر مارکیٹنگ منہاج یونیورسٹی رابعہ محبوب علی،ڈائریکٹر فنانس عبدالرحمن منہاج یونیورسٹی،ہیڈ آف ماس کمینویکیشن ڈیپارٹمنٹ روبینہ سعید،ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کریمنالوجی اینڈ کریمنل جسٹس سسٹم ڈاکٹر جمال عباسی سمیت مینجمنٹ سٹاف،فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔