پٹرول کی قیمت میں کمی کی بجائے اضافہ کر دیا گیا

پی ایس او سمیت مختلف آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی ٹرمینل بند ہونے کے باعث کراچی میں پٹرول پمپس نے پٹرول 200 روپے فی لیٹر کی قیمت پر فروخت کرنا شروع کر دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 19 فروری 2020 21:48

پٹرول کی قیمت میں کمی کی بجائے اضافہ کر دیا گیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19فروری2020ء) پٹرول کی قیمت میں کمی کی بجائے اضافہ کر دیا گیا، پی ایس او سمیت مختلف آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی ٹرمینل بند ہونے کے باعث کراچی میں پٹرول پمپس نے پٹرول 200 روپے فی لیٹر کی قیمت پر فروخت کرنا شروع کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونے کی امید لگائی بیٹھی عوام کیلئے قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں پٹرول پمپس نے مان مانی کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کیماڑی کے علاقے میں زہریلی گیس پھیلنے کے واقعے کے بعد پی ایس او اور دیگر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے اپنے ٹرمینل بند کر دیے ہیں، جس کے باعث کراچی اور سندھ کے دیگر کچھ شہروں میں پٹرولیم مصنوعات کی کچھ قلت پیدا ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

آئل ٹرمینل بند ہونے سے شہریوں کو پیٹرول کی قلت کا سامنا ہ۔ جبکہ پٹرول پمپس مالکان نے اس صورتحال کا بھرپور فائدہ اٹھایا ہے اور شہریوں کو انتہائی مہنگے ریٹ پر پٹرول فروخت کیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شہر قائد میں پیٹرول 160سے200 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے جب کہ بعض علاقوں میں پیٹرول پمپس بند کردیے گئے ہیں۔ قیمتوں میں اضافہ کیے جانے کے علاوہ شہریوں کو 10 لیٹر سے زیادہ مقدار میں پٹرول فروخت بھی نہیں کیا جا رہا ہے۔

آئل ٹرمینلز کی بندش کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ زہریلی گیس کے اثرات کیماڑی کے آئل ٹرمینلز پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔ عملے کی حفاظت کی خاطر پی ایس او سمیت دیگر آئل کمپنیاں اپنے ٹرمینلز بند کرنے پر مجبور ہوئیں۔ جبکہ زہریلی گیس سے ہونے والی اموات کے بعد متصل علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔ چھوٹے بڑے تجاری و کاروباری مراکز بند ہیں جب کہ شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔