جاتی سردی لوٹ آئی، مغربی ہواوں کی آمد کے بعد ملک کے کئی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا

گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش،ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان، ملک کے جنوبی علاقوں میں سرد ہوائیں چلیں گی

muhammad ali محمد علی بدھ 19 فروری 2020 23:59

جاتی سردی لوٹ آئی، مغربی ہواوں کی آمد کے بعد ملک کے کئی علاقوں میں سردی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 فروری2020ء) جاتی سردی لوٹ آئی، مغربی ہواوں کی آمد کے بعد ملک کے کئی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش،ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان، ملک کے جنوبی علاقوں میں سرد ہوائیں چلیں گی۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ ملک میں مغربی ہواوں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کے بعد کئی علاقوں میں سردی کی شدت میں پھر سے اضافہ ہوگیا ہے۔

مغربی ہواوں کی آمد نے بلوچستان، خیبرپختونخواہ، گلگلت بلتستان اور کشمیر میں موسم مزدی سرد کر دیا ہے۔ جبکہ اسلام آباد اور پنجاب کے علاقوں میں بھی پھر سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملک میں مغربی ہواوں کے نئے سلسلے کی آمد کے بعد اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت بالائی خیبرپختو نخوا، بالائی و وسطی پنجاب میں چند مقامات پرگرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے، اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقو ں میں بارش ہوئی جبکہ پہاڑی علاقوں پرژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی جس سے موسم پھر سرد ہو گیا۔ پی ڈی ایم اے نے تیز بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے پہاڑی علاقوں میں سیاحوں کو بھی غیر ضروری سفر سے اجتنا ب کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں کا موسم خشک رہنے کے باعث سردی کی شدت میں کمی آگئی تھی۔ تاہم اب بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کے آغاز کے بعد سے پھر سے موسم سرد ہو گیا ہے۔ جبکہ یہ بھی واضح رہے کہ اگلے ماہ مارچ میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے، جس سے سردی کے موسم کا دورانیہ طویل ہو سکتا ہے۔