گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ میں چوتھے کانووکیشن کا انعقاد

کانووکیشن میں 475 طلباء و طالبات میں بی اے، بی ایس ای، بی کام، اے ڈی پی، ایم اے اور ایم ایس ای کی ڈگریاں تقسیم کی گئیں، 28 طلباء و طالبات کو عمدہ کارکردگی پر گولڈ میڈلز دیے گئے جبکہ 170 طلباء و طالبات کو رول آف آنرز پیش کیا گیا

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر ہفتہ 22 فروری 2020 17:58

گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ میں چوتھے کانووکیشن کا انعقاد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 فروری۔ 2020ء) گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ میں چوتھے کانووکیشن کا انعقاد۔ کانووکیشن میں 475 طلباء و طالبات میں بی اے، بی ایس ای، بی کام، اے ڈی پی، ایم اے اور ایم ایس ای کی ڈگریاں تقسیم کی گئیں، 28 طلباء و طالبات کو عمدہ کارکردگی پر گولڈ میڈلز دیے گئے جبکہ 170 طلباء و طالبات کو رول آف آنرز پیش کیا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ، لاہور میں 19 فروری 2020ء بروز بدھ کو چوتھے کانووکیشن کا شاندار انعقاد ہوا۔

 
گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ کا چوتھا کانووکیشن کالج کیمپس میں ہوا جس میں تقریب کی صدارت چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کی جبکہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیاء میاں عمران مسعود، ڈی پی آئی کالجز پنجاب چودھری جہانگیر احمد اور ڈائریکٹر کامسٹس یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر قیصرعباس نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

 
 
گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ کے چوتھے کانووکیشن میں مختلف شعبوں میں تعلیم مکمل کرنے والے 475 طلباء و طالبات میں بدھ کے روز ایک پر وقار تقریب میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ 
 
مختلف تعلیمی شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اٹھائیس طلبا و طالبات کو طلائی تمغات سے بھی نوازا گیا۔ تقریب کے آغاز میں کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔

 
 
اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ریگولر اکیڈمک پروگراموں کے علاوہ کالج کی جانب سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں متعدد سرٹیفکیٹ پروگراموں کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کالج کی طرف سے جاری سرٹیفیکیٹ پروگراموں کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کالج کے طلباء و طالبات کے علاوہ کمیونٹی کے افراد بھی اہلیت کی بنیاد پر ان میں داخلہ لے سکتے ہیں۔

 
 
اس موقع پر چیئرمین پی ایچ ای سی ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کہ کالج میں اسی مالی سال کے دوران پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ایک میڈیا لیب اور سمارٹ کلاس رومز کا قیام عمل میں لائے گا، جس سے طلباء و طالبات کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ ہونے کا موقع ملے گا۔ 
 
چیئرمین پی ایچ ای سی نے کالج کے تمام شعبوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بھرپور انداز میں سراہا۔

بعد ازاں چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیش اور کالج کے پرنسپل ڈاکٹر اعجاز بٹ نے اس پروقار تقریب میں طلبا و طالبات میں ڈگریاں اور گولڈ میڈل تقسیم کیے۔ 
 
تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیاء میاں عمران مسعود، ڈی پی آئی کالجز پنجاب چودھری جہانگیر احمد اور ڈائریکٹر کامسٹس یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر قیصرعباس، فیکلٹی ممبران، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، میڈیا کے نمائندگان، طلبا و طالبات اور ان کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 
 
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ مختلف شعبوں سے فار غ التحصیل ہونے والے طلبا و طالبات کو اپنی تعلیمی زندگی کے اس اہم موڑ پر مبارکباد پیش کرتے ہوں کہ آج کا دن آپ کے اور آپ کے والدین کے خوابوں کی تکمیل کا دن ہے۔ 
 
یہ دن آپ کے تعلیمی سفر کا اختتام نہیں بلکہ ایک ایسے نئے سفر کا آغاز ہے جہاں آپ کو قدم قدم پر نت نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 
 
ڈاکٹر فضل احمد خالد نے اس موقع پر طلبا و طالبات کے والدین اور اساتذہ کو بھی مبارکباد پیش کی جن کی محنت، توجہ اور حوصلہ افزائی سے طلبہ کو یہ عظیم الشان کامیابی نصیب ہوئی۔