Live Updates

کپتان عمران خان اور بھابی بشریٰ بی بی کو شادی کی سالگرہ مبارک ہو

یری دعا ہے کہ آپ کی محبت ایک دوسرے کے لیے ہر گرزتے سال بڑھتی چلی جائے۔ پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 20 فروری 2020 11:09

کپتان عمران خان اور بھابی بشریٰ بی بی کو شادی کی سالگرہ مبارک ہو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20فروری 2020ء) ممبر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت حسین نے وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کی شادی کی سالگرہ کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میرے کپتان عمران خان اور بھابی بشریٰ بی بی کو شادی کی سالگرہ مبارک ہو،میری دعا ہے کہ آپ کی محبت ایک دوسرے کے لیے ہر گرزتے سال بڑھتی چلی جائے۔

یاد رہے کہ 2018ء میں عمران خان نے بشریٰ بی بی سے تیسری شادی کی تھی۔ان کی شادی کی اطلاعات 2018ء کے آغاز میں ماہ جنوری میں ہی آنا شروع ہو گئی تھیں لیکن عمران خان اور ان کے قریبی ذرائع کی جانب سے اس بات کی بارہا تردید کی گئی جس کے بعد فروری کے مہینے میں عمران خان کی بشریٰ بی بی کے ساتھ تیسری شادی کا باقاعدہ اعلان کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد 25 فروری کو پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے قریبی دوست احباب اور پارٹی رہنماؤں کو دعوت ولیمہ پر مدعو کیا، اس موقع پر پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے بشریٰ بی بی سے سب کا تعارف بھی کروایا ۔عمران خان کا بشریٰ بی بی سے نکاح ایک سادہ تقریب میں ہوا جس میں عمران خان کے قریبی دوست عون چوہدری اور زلفی بخاری شریک تھے جبکہ اس موقع پر بشریٰ بی بی کی دوست فرح اور ان کے کچھ قریبی عزیز موجود تھے۔

نکاح کی رسم انتہائی سادگی سے بشریٰ بی بی کی دوست کے گھر منعقد کی گئی تھی۔ عمران خان سے شادی کے بعد بشریٰ بی بی کا نام زیر بحث رہا جبکہ عمران خان کے وزیراعظم بننے کے بعد بشریٰ بی بی کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔ خاتون اول بشریٰ بی بی 2018ء کے دوران پاکستان میں معروف سرچ انجن گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت بن گئی تھیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات