سعودی نرسوں کی انسانیت نوازی کا ہر جانب چرچا ہو گیا

تین نرسوں نے ٹریفک حادثے میں زخمی سڑک پر پڑے شہری کومرنے سے بچا لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 20 فروری 2020 13:38

سعودی نرسوں کی انسانیت نوازی کا ہر جانب چرچا ہو گیا
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20فروری 2020ء) یہ دُنیا ابھی انسانیت نواز لوگوں سے خالی نہیں ہوئی۔ تبھی اس کا وجود قائم و دائم ہے۔ ایسی ہی انسانیت نوازی کی ایک مثال سعودی عرب میں تین خواتین نرسوں کی صورت میں سامنے آئی۔ جنہوں نے بروقت حاضر دماغی اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو استعمال میں لا کر سڑک پر پڑے شدید زخمی شخص کی جان بچا لی۔ تفصیلات کے مطابق خمیس مشیط کے علاقے میں ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں مقامی نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔

اسی دوران وہاں سے تین سعودی نرسیں گزر رہی تھیں، جنہوں نے خُدا ترسی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ زخمی شہری کو فوری ابتدائی طبی امداد دے کر اس کی جان بچا لی۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق جب ایک شخص شدید زخمی ہو کر بے ہوش ہو گیا تھا تو اسی دوران وہاں سے اتفاقاً تین نرسیں گزر رہی تھیں، جنہوں نے اپنی گاڑی روک کر اسے طبی امداد دی۔

(جاری ہے)

کیونکہ ابھی تک طبی امداد کے ادارے جائے حادثہ پر پہنچ نہیں پائے تھے۔ اسی وجہ سے انہوں نے موقع کی نزاکت بھانپتے ہوئے شہری کی مرہم پٹی کر دی۔ اس حوالے سے محکمہ صحت کے ترجمان خالد بن عائض عسیری نے بتایا ہے کہ انسانیت نوازی کا یہ عمدہ کام کرنے والی خواتین سرکاری ہسپتال میں ملازم ہیں ۔ جن میں سے ایک کا نام عائشہ الشہری ہے۔ جبکہ اس کے ساتھ دیگر دو زیر تربیت نرسیں تھیں جن کے نام صفیہ الشہری اور منال الشہری ہیں۔

اگر یہ نرسیں انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت یہ کام نہ کرتی تو خدشہ تھا کہ زخمی شہری جاں بحق ہو جاتا۔ اسی وجہ سے محکمہ صحت سعودی نرسوں کے اس انسانیت پرستی کے جذبے کو بہت زیادہ سراہتے ہیں۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں موجود مقامی اور غیر مْلکی نرسیں اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہیں چھوڑتیں۔ تاہم اْنہیں کئی بار جنسی ہراسگی جیسے معاملات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ سال قنقذہ کے ایک جنرل اسپتال میں پیش آیا۔ جہاں ایک بزرگ شخص نے جو سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہے، ایک نرس کو ہراسگی کا نشانہ بنایا تھا۔میڈیا کے مطابق جب یہ معمر سوشل میڈیا اسٹار ہسپتال گیا تو مریضوں اور میڈیکل اسٹاف نے اُسے پہچان لیا اور اُس کی یوں آؤ بھگت کی جیسے کسی سْپر سٹار کی ہوتی ہے۔بوڑھا شخص اپنے اس غیر معمولی استقبال پر کچھ زیادہ ہی رومانٹک موڈ میں چلا گیا۔

اسپتال کی خواتین ملازمین نے اس سے اپنے ساتھ ایک گروپ فوٹو بنوانے کی فرمائش کی جو معمر شخص نے فوری طور پر پُوری کر دی۔اس دوران وہ ایک خوبصورت نرس پر لائن مارنے لگا۔ بزرگ نے اپنی عمر کا لحاظ کیے بغیر نرس کے ساتھ نامناسب حرکات شروع کر دیں۔ جس پر نرس نے اسپتال کے اعلیٰ حکام کو مطلع کیا۔جنہوں نے سوشل میڈیا کی اس جانی پہچانی شخصیت کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج کروا دیا تھا۔ اس طرح سوشل میڈیا پر نیک نامی کمانے والا معمر شخص خود کو جوان سمجھنے کی کوشش میں زمانے بھر میں رْسوائی کا نشانہ بن گیا۔اس واقعے کے بعد پولیس نے اس عاشق مزاج بزرگ کو گرفتار کر لیا تھا۔