2 طیارے دورانِ پرواز آپس میں ٹکرا گئے

دونوں طیارے تباہ ہونے کے بعد زمین بوس ہو گئے، حادثے میں 2 پائلٹ سمیت 4 افراد ہلاک ہو گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 20 فروری 2020 16:46

2 طیارے دورانِ پرواز آپس میں ٹکرا گئے
ملبورن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 20 فروری 2020ء ) آسٹریلیا میں دو طیارے فضاء میں ٹکرانے کے باعث چار افراد ہلاک ہو گئے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملبورن کے علاقے منگور میں دو مخالف سمت سے آنے والے طیارے فضاء میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔جبکہ طیاروں کاملبہ زمین پر بکھر گیا۔وکٹوریا پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کے لئے تحقیقات جاری ہیں ۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی اور آسٹریلوی ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو نے بھی طیاروں کے حادثہ کی تصدیق کی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی شہر ملبورن میں جڑواں انجن والے دو طیارے منگلور ائیرپورٹ وکٹوریا سے پرواز بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی آپس میں ٹکرا گئے تھے اور تباہ ہو گئے۔

(جاری ہے)

تصادم اتنا شدید تھا کہ طیارے کے پرزے ہوا میں بکھر گئے اور دونوں طیارے زمین بوس ہو گئے۔

ہلاک ہونے والے افراد میں دو مسافر جب کہ دو طیاروں کے پائلٹس بھی شامل ہیں۔چاروں افراد کی لاشیں بھی مل گئی ہیں۔فیڈرل ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ دوسرے طیارے کے بارے میں معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔جڑاں انجن والے دونوں طیارے جہاز اڑانے کی تربیت دینے والے سکلول کی ملکیت ہیں۔فیڈرل ایوی ایشن نے مذکورہ اسکول کو طیارہ حادثے سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ہلاک ہونے افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ سال امریکا کی ریاست الاسکا میں 2طیارے دوران پرواز ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔حادثے میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔امریکی کوسٹ گارڈ حکام کا کہنا تھا کہ فضا میں دوران پرواز طیارے حادثے کا شکار ہوئے، تصادم کے باعث ایک شخص لاپتہ ہو گیا تھا۔ایک طیارے میں 11 جبکہ دوسرے طیارے میں 5 افراد سوار تھے،گذشتہ سال ہی دو برطانوی طیارے آپس میں ٹکرا گئے تھے جس میں ایک پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا،اس کے علاوہ دو افراد بھی ہلاک ہو گئے تھے۔