میزان بینک کے شریعہ بورڈ نے ڈیجیٹل موبائل اکائونٹ کیلئے گائیڈ لائنز کی منظوری دے دی

جمعرات 20 فروری 2020 17:30

میزان بینک کے شریعہ بورڈ نے ڈیجیٹل موبائل اکائونٹ کیلئے گائیڈ لائنز ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) میزان بینک کی46ویں شریعہ سپر وائزری بورڈ میٹنگ میں بورڈ نے پاکستان میں مالی شمولیت کیلئے ڈیجیٹل مضاربہ پرمبنی موبائل اکائونٹ کیلئے گائیڈ لائنز کی منظوری دے دی ہے۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر عمران اشرف عثمانی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں شیخ عسام محمد اسحق ، مفتی نوید عالم اور احمد علی صدیقی نے شرکت کی۔

اس مو قع پر میزان بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی اور ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف الاسلام بھی موجود تھے۔اس موقع پر شریعہ بورڈ نے میزان بینک کے شریعہ کمپلائنس ماحول اور آپریشنز پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں اسلامی بینکاری کے جدید رجحانات سے متعلق اہم امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شریعہ بورڈ نے ڈیجیٹل موبائل اکائونٹ کیلئے گائیڈ لائنز میں مضاربہ پر مبنی میزان آسان موبائل اکائونٹ کی منظوری دی جس کے تحت صارفین برانچ جائے بغیر میزان بینک میں اپنا ڈیجیٹل موبائل اکائونٹ کھول سکتے ہیں۔

اس اکائونٹ میں بیلنس برقرار رکھنے پر صارف شریعت کے مطابق اصل ریٹرن پرماہانہ بنیادوں پر حلال منافع وصول کرسکے گا۔ اس کے علاوہ صارف ڈیجیٹلی یا ملک بھر میں میزان بینک کی کسی بھی برانچ کے ذریعے فنڈز جمع اور نکالنے کیلئے یہ اکاوئنٹ استعمال کر سکتاہے۔ شریعہ سپروائزری بورڈ نے کم اور درمیانی آمدنی والے خاندانوں کیلئے کم لاگت ہائوسنگ فنانس اسکیم کیلئے بھی گائیڈ لائنز جاری کیں۔

یاد رہے کہ میزان بینک پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی کے اشتراک سے ہائوسنگ فنانس کی سہولت فراہم کررہا ہے۔ اس کے علاوہ شریعہ سپروائزاری بورڈ نے پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروںکی سپلائی چین کیلئے شریعت کے مطابق فنانسنگ کو قابلِ رسائی بنانے کیلئے اسلامک فنٹیک سلوشن سے متعلق بھی گائیڈ لائنز کی منظوری دی۔ شریعہ سپروائزری بورڈ کے اجلاس سے پہلے سالانہ میٹنگ پلان کے طورپرمیزان بینک کے شریعہ سپروائزری بورڈ اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس بھی ہوا۔اس اجلاس میں ڈاکٹر عمران اشرف عثمانی نے بورڈ کیلئے لرننگ سیشن کا انعقاد کیا اور 2019میں شریعہ سپروائزری بورڈ کے اہم فیصلوں کے بارے میںآگاہ کیا۔