پاکستان سپر لیگ کے میچوں کے لیے اسپیشل سیکورٹی یونٹ کی سواٹ ٹیم تیار

پی ایس ایل میچز کے لیے 600 کمانڈوز کی ٹیم تیار کی گئی ہے، جب کہ ایس ایس یو سواٹ کے 150 کمانڈوز خصوصی ڈیوٹی انجام دیں گے، ڈی آئی جی آپریشن

جمعرات 20 فروری 2020 20:53

پاکستان سپر لیگ کے میچوں کے لیے اسپیشل سیکورٹی یونٹ کی سواٹ ٹیم تیار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2020ء) پاکستان سپر لیگ کے میچوں کے لیے اسپیشل سیکورٹی یونٹ کی سواٹ (اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس) ٹیم تیار کی گئی ہے۔ڈی آئی جی آپریشن مقصود احمد میمن نے کہا کہ پی ایس ایل میچز کے لیے 600 کمانڈوز کی ٹیم تیار کی گئی ہے، جب کہ ایس ایس یو سواٹ کے 150 کمانڈوز خصوصی ڈیوٹی انجام دیں گے۔مقصود میمن نے بتایا کہ خصوصی ڈیوٹی کے لیے تین شفٹیں بنائی گئی ہیں، ہر شفٹ میں 50 کمانڈوز ڈیوٹی پر موجود ہوں گے، ٹیموں کی سیکورٹی کے حوالے سے ڈپلائمنٹ پلان بھی تیار ہے، چیف سیکریٹری کے ساتھ میٹنگ میں ان تمام تفصیلات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، کراچی پولیس اور ریزرو سمیت 10 ہزار افسران و اہل کار ڈیوٹی دیں گے، ایس ایس یو کرکٹ ٹیموں کی آمد سے واپسی تک حفاظتی اقدامات پر مامور ہوگی، پہلے بھی ٹیم کی ذمہ داری ایس ایس یو کی ہوتی تھی، ایئر پورٹ، ہوٹل، اور اسٹیڈیم لانے اور واپس لے جانے کی ذمہ داری بھی ہماری ہے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی آپریشن کے مطابق ایس ایس یو کمانڈوز رینجرز کے کمانڈوز کے ساتھ کرکٹ ٹیموں کو تحفظ فراہم کریں گے، جب کہ مجموعی سیکورٹی پولیس، رینجرز اور دیگر اہم ادارے انجام دیں گے، مرحلہ وار چار فورسز سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گی، پاک فوج، رینجرز، ایس ایس یو کمانڈوز مختلف مقامات پر تعینات ہوں گے۔مقصود میمن کا کہنا تھا کہ خصوصی سواٹ کمانڈوز 2 منٹ کے اندر ہیڈکوراٹر سے اسٹیڈیم پہنچ سکتے ہیں، کراچی نیشنل اسٹیڈیم کے اندر، باہر اور تمام دیگر مقامات پر سیکورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے، ایسا پلان بنایا گیا ہے کہ جب ٹیم کی آمد یا روانگی ہو تو عوام کو پریشانی کم ہو۔#