وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی زیر صدارت ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں فیصلے

ایل ڈی اے سٹی کی سڑکوں کا ڈیزائن تبدیل اور ترقیاتی اخراجات کم کرنے کی منظوری ٓ ایک ارب 76کروڑ روپے کی لاگت سے فردوس مارکیٹ چوک میں انڈر پاس تعمیر کرنے کی انتظامی منظوری

جمعرات 20 فروری 2020 21:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2020ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کادوسرا اجلاس وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی زیرصدارت منعقد ہوا ۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے سمیر احمد سید نے شرکاء کو گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس میں ایک ارب 76کروڑ روپے کی لاگت سے فردوس مارکیٹ چوک میں انڈر پاس تعمیر کرنے کی انتظامی منظوری دی گئی ۔

سنٹرپوائنٹ گلبرگ سے ایم ایم عالم روڈ اور کیولری گرائونڈ کی طرف جانے والی ٹریفک کی سہولت کے لئے 540میٹر طویل دو رویہ انڈر پاس تعمیر کیاجائے گا جو دونوں طرف سے دودولینز پر مشتمل ہوگا۔یہاں سے بارشی پانی کے اخراج کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔منصوبے کے لئے تقریباًسات کنال اراضی ایکوائر کی جائے گی اور اس کی تعمیر سے فردوس مارکیٹ چوک میں واقع کوئی عمارت متاثر نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈویلپمنٹ سکروٹنی کمیٹی کی سفارش پر ایل ڈی اے سٹی میں تعمیر کی جانے والی سڑکوں کے ڈیزائن میں تبدیلی اورآئندہ شروع کئے جانے والے کاموں سی4.16فیصد میگا پراجیکٹ الائونس ختم کرنے کی بھی منظوری دی گئی جس کے نتیجے میں سکیم کے ترقیاتی اخراجات میں کمی ہوگی ۔ اس فیصلے سے فائل ہولڈرز سے وصول کئے جانے والے ڈویلپمنٹ چارجز میں خاطر خواہ کمی ممکن ہو سکی ہے جس کی منظوری اتھارٹی کے گزشتہ اجلاس میں دی جا چکی ہے ۔

اجلاس میں محکمہ خزانہ حکومت پنجاب کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈیٹا اینٹر ی آپریٹر گریڈ(12)کے عہدے کا نام تبدیل کرکے جونیئر کمپیوٹرآفیسر کرنے اور کمپیوٹر آفیسر کی اسامی کو گریڈ14سی15 میں اپ گریڈ کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں پرائیوٹائزیشن کمیشن سے اپرمال پرانٹرنیشنل ہوٹل میں ایل ڈی اے کی ملکیتی پانچ کنال اراضی کی مارکیٹ ریٹ پرقیمت وصول کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

یہ قیمت انٹرنیشنل ہوٹل کی پرائیوٹائزیشن سے حاصل ہونے والی رقم میں سے وصول کی جائے گی۔اجلاس میں واک اینڈ شاپ ایرینا جوہر ٹائون کی لاگت پر نظر ثانی اور خیرا ڈسٹری بیوٹری سے مین بلیوارڈ ویلنشیا ٹائون تک سٹرکچر پلان روڈ کے غیر تعمیر شدہ حصے کی تعمیر کا منصوبہ ڈویلپمنٹ سکروٹنی کمیٹی کے سپرد کر دیاگیا اور کمیٹی کو ان منصوبوں کاجائزہ لے کر آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ۔

وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے اس موقع پر ہدایت کی کہ گورننگ باڈی کے اجلاس میں پیش کرنے سے قبل ڈویلپمنٹ سکروٹنی کمیٹی کی طرف سے تمام ترقیاتی منصوبوں کاجائزہ لیاجائے اور تخمینہ جات کا درست طور پرتعین کیاجائے ۔ انہوںنے ہدایت کی کہ ٹیپا کو فعال بنانے اور اس کی خدمات سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے ادارے کا بزنس ماڈل تیار کر کے اتھارٹی میں پیش کیاجائے ۔ گورننگ باڈی کے اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی لاہور سے سعدیہ سہیل رانا ‘ ننکانہ صاحب سے محمد عاطف کے علاوہ وائس چیئرمین واسا امتیاز محمود،میجر ریٹائرڈ سید برہان علی، انجینئر عامر ریاض قریشی،ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز اورصوبائی محکمہ ہائو سنگ، بلدیات فنانس ،پی اینڈ ڈی اور کمشنر لاہورکے نمائندوں نے شرکت کی ۔