وزیراعظم کل احساس آمدن پروگرام کا اجراء کریں گے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

احساس آمدن پروگرام کا بنیادی مقصد پسماندہ طبقات کیلئے ذریعہ معاش کے مواقع پیدا کرنا ہے، معاون خصوصی برائے سماجی تخفظ و تخفیف غربت

جمعرات 20 فروری 2020 22:36

وزیراعظم کل احساس آمدن پروگرام کا اجراء کریں گے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2020ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ( کل ) جمعہ کو احساس آمدن پروگرام کا اجرائ کریں گے، احساس آمدن پروگرام احساس فریم ورک کے تحت جاری کئے جانے والے پروگراموں میں سے ایک ہے جس کا بنیادی مقصد پسماندہ طبقات کیلئے ذریعہ معاش کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آمدن پروگرام میں خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے افراد کو چھوٹے اثاثے دینا شامل ہے تاکہ وہ روزگار کما سکیں اور غربت سے باہر نکل سکیں۔ پروگرام کے تحت منتقل کئے جانے والے اثاثہ جات میں مویشی (بکریاں، گائے اور پولٹری)، زرعی آلات، چنگچی رکشہ باڈی فریم، چھوٹے دکانداروں اور چھوٹے کاروباری اداروں کیلئے سامان آلات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کا بجٹ 15 بلین روپے ہے۔ پروگرام کو پاکستان کے چاروں صوبوں میں 23 غریب ترین اضلاع کی 375 دیہی یونین کونسلوں میں شروع کیا جا رہا ہے، اس چار سالہ پروگرام کا ہدف مستحق گھرانوں کو 200,000 اثاثہ جات مہیا کرنا ہے۔ مستحقین میں60 فیصد خواتین اور 30 فیصد نوجوان شامل ہیں، مجموعی طور پر 1.4 ملین افراد اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔ تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویڑن کے ماتحت کام کرنے والا ادارہ، پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف،احساس آمدن پروگرام پر عملدر آمد کاکام سرانجام دے رہا ہے۔

احساس آمدن پروگرام کے مستحقین کی نشاندہی غربت سکور کارڈ سروے کے ذریعے کی جائے گی۔ صوبہ پنجاب کے وہ اضلاع جہاں اس پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے ان میں ڈیرہ غازی خان، جھنگ اور لیہ شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا کے 10 اضلاع اپر کوہستان، لوئر کوہستان، پالاس کولائی، تورغر، بٹ گرام، شانگلہ، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیر ستان، ڈیرہ اسمعیل خان، ٹانک ہیں۔ بلوچستان کے تین اضلاع میں جھل مگسی، ڑوب اور شہرانی شامل ہیں۔ سندھ کے اضلاع میں بدین، ٹھٹھہ، سجاول، کشمور، شکارپور، تھرپارکر اور عمر کوٹ شامل ہیں۔