محکمہ زراعت نے ٹڈی دل کے کنٹرول کے لئے کاشتکاروں کو ہدایات جاری کر دیں

جمعرات 20 فروری 2020 23:27

ملتان ۔20فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) صوبہ کے بعض علاقوں میں ٹڈی دل(صحرائی مکڑی) کا حملہ مشاہدہ میں آیا ہے۔ٹڈی دل گراس ہاپر کی بڑی قسم کا کیڑا ہے۔اس کے بچے ہلکے پیلے سبزاور پھرسیاہی مائل بھورے رنگ میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق ٹڈی دل کی ٹانگیں مضبوط اور لمبی جبکہ اس کے پًر لمبے اور بھورے ہوتے ہیں۔

ٹڈی دل ہمیشہ گروہ کی شکل میں حملہ آور ہوتی ہے اور یہ کیڑا گندم،مکئی،چارہ جات اور سبزیوں کو زیادہ نقصان پہنچاتا ہے۔اس کے کنٹرول کے لئے کاشتکار رات کے وقت جھاڑیوں میں بیٹھی ہوئی مکڑیوں کو شعلہ پھنکنے والی مشینوں سے آگ لگا کر تلف کر دیں۔زمین کے اندر مکڑی کے انڈوں کی نشاندہی ہوتے ہی جہاں سوراخ نظر آئے اس کے گرددو تا تین فٹ گہری و چوڑی کھائی کھود کر ان کے بچے اور انڈوں کو مٹی میں دفن کر دیں یا محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے سفارش کردہ زہروں کا سپرے کا دھوڑا کریں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا کہ ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے پہلے اسے بیٹھنے دیا جائے بعد ازاں اس پر سفارش کردہ زہر کا سپرے کریں۔مغرب کے بعد درختوں اور زمین پر بیٹھے ہوئے ٹڈی دل کے جھنڈ کی نشاندہی کریں اور رات یا سورج نکلنے سے پہلے سفارش کردہ زہر پانی میں ملا کر سپرے کریں۔کاربرل85 ڈبلیوپی کو چوکر یاگندم کے بھوسے میں1:25 کے تناسب سے ملا کر زہریلا طمعہ(Bait)تیار کرکے لشکر مین بکھیر دیں۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ ٹڈی دل کے کیمیائی انسداد کیلئے کلورو پائریفاس40ای سی20 ملی لٹرفی لٹر پانی،ڈیلٹا میتھرین2.5 ای سی بحساب3 ملی لٹر فی لٹر پانی،لیمڈا سائی ہیلو تھرین2.5 ای سی بحساب3 ملی لٹر فی لٹر،میلاتھیان57 ای سی بحساب 6 ملی لٹر فی لٹر پانی،کاربرل85 ڈبلیوپی بحساب1کلوگرام دوائی 25 کلوگرام مٹی میں ملا کر دھوڑا کریں۔ ان زہروں میں سے کسی ایک زہر کا محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے نیپ سیک پاور سپرے مشین اور درختوں پر ٹریکٹر پر نصب شدہ مشین سے سپرے کریں۔

متعلقہ عنوان :