مکّہ میں غیر مُلکی ہوٹل مینیجر نے سعودی ملازم کو جُوتا دے مارا

سعودی ملازم کی جانب سے ایک دِن کی تنخواہ کاٹنے کے معاملے پر سوال کرنے کے بعد دونوں میں تلخ کلامی ہوئی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 21 فروری 2020 11:26

مکّہ میں غیر مُلکی ہوٹل مینیجر نے سعودی ملازم کو جُوتا دے مارا
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروری 2020ء) سعودی عرب میں عموماً کفیلوں کی جانب سے اپنے غیر مُلکی کارکنوں کے استحصال اور ان سے بُرے سلوک کی کہانیاں سامنے آتی رہتی ہیں۔ کئی مظلوم کارکنان کا رونا ہوتا ہے کہ کفیل کی جانب سے انہیں چھ چھ مہینے تنخواہ نہیں دی جاتی، یا کچھ کفیل اپنے کارکنوں سے مقررہ اوقات سے زیادہ کام لیتے ہیں یا پھر ان سے جانوروں جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔

تاہم مکّہ مکرمہ میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس میں بُرے سلوک کا شکار ہونے والا کوئی تارکِ وطن نہیں بلکہ سعودی ملازم ہے۔ اور اس کے ساتھ نامناسب حرکت کرنے والا ایک غیر مُلکی با س ہے۔ سعودی اخبار عکاظ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ مکّہ کے ایک ہوٹل میں پیش آیا ہے ۔ جس کے غیر مُلکی مینیجر نے تلخ کلامی کے دوران اپنے سعودی ملازم کو بُرا بھلا کہنے کے بعد اسے جُوتا دے دے مارا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد سعودی ملازم نے اپنے باس کے خلاف کریمنل کورٹ میں مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ سعودی ملازم نے عدالت کو بتایا کہ میرے مینیجر نے بغیر کسی وجہ کے میری ایک دِن کی تنخواہ کاٹ لی تھی۔ جس پر میں نے ڈائریکٹر سے مینیجر کی شکایت کی تو مینیجر کو اس بات پر غصہ آیا۔ اس نے مجھے بُلا کر پوچھا کہ میری شکایت کیوں کی۔ اسی دوران وہ اچانک مجھ سے بدتمیزی پر اُتر آیا۔

میرے منع کرنے پر بھی وہ باز نہ آیا اور اُلٹا اپنے پیر سے جُوتا اُتار کر مجھے دے مارا۔ میں نے ہوٹل کی انتظامیہ کو بھی سارے معاملے سے آگاہ کر کے مینیجر کے خلاف ایکشن لینے کا کہا، مگر میری بات نہیں سُنی گئی۔ جس کے بعد میں نے انصاف کی خاطر عدالت سے رجوع کیا ہے۔ ہوٹل کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہوٹل کی جانب سے ملازم اور مینیجر دونوں کو تلخ کلامی پر مناسب سزا تجویز کی گئی تھی۔

اور مینیجر کے جوتا پھینکنے کی حرکت کو بھی قابلِ مذمت قرار دیا گیا تھا۔ عدالت نے ہوٹل مینیجر کو اگلی سماعت پر طلب کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایک بھارتی ملازمہ نے اپنے بزرگ کفیل کے 10 لاکھ ریال ہتھیانے کے لیے اُسے زندہ جلا کر مار ڈالا تھا اور اس کی موت کو طبعی قرار دیا تھا۔ تاہم بعد کی تفتیش میں سب بھانڈا پھوٹ گیا جس کے بعد ملازمہ کو گرفتار کر لیا گیا۔