ہلاک طالبان لیڈر کے اثاثے نیلامی کیلئے پیش کر دئیے گئے

ملامنصور کی نیلام کی جانے والی جائیداد کی کل مالیت 10 کروڑ روپے کے لگ بھگ ،شناختی کارڈ اور لائف انشورنس بھی شامل

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 21 فروری 2020 15:12

ہلاک طالبان لیڈر کے اثاثے نیلامی کیلئے پیش کر دئیے گئے
کراچی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔21 فروری 2020ء ) افغان طالبان کے مقتول سربراہ ملا اخترمنصور کی کراچی میں موجود جائیداد نیلام کرنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ملا منصور کی جائیداد کی نیلامی کے لیے اخبارات میں اشتہار جاری کیا ہے۔جائیداد میں گلشن معمار میں ایک پلاٹ، ایک گھر،سنوبر ہائٹس میں ایک فلیٹ ،شہید ملت روڈ پر عمار ٹاور میں فلیٹ،گلزار ہجری کے بسم اللہ ٹاور میں فلیٹ اور شہید ملت روڈ کے سمیع ٹاور میں فلیٹ شامل ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ملا منصور سمیت کراچی میں اُن کے دو مبینہ فرنٹ مینوں پر دہشت گردوں کے لئے فنڈنگ کا مقدمہ درج کیا تھا۔تاہم ملامنصور 2016 میں پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے تھے جس کے باعث اُن کے مقدمے کی فائل سرد خانے کی نذر ہوگئی۔

(جاری ہے)

اس فائل کو گزشتہ برس اُس وقت آگے بڑھایا گیا جب دہشت گردوں کی فنڈنگ اور منی لانڈرنگ روکنے کے لیے ایف اے ٹی ایف نے پاکستان پر دباؤ بڑھایا۔

ایف آئی اے کی تحقیقات کے مطابق ملا اختر منصور نے یہ جائیدادیں سرمایہ کاری کے طور پر پر کراچی میں اپنے دو فرنٹ مینوں کے نام پر خریدی تھی،یہ جائیداد فرضی ناموں سے خریدی گئی۔ملامنصور کی ہلاکت کے بعد جائے وقوعہ سے ایک پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی برآمد ہوا تھا جو ولی محمد کے نام سے تھا۔ملامنصور کی نیلام کی جانے والی جائیداد کی کل مالیت دس کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔وزارت داخلہ نے نے ملا منصور کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنانے میں کردار ادا کرنے والے دو محترم ملازمین کو برطرف کیا تھا۔کچھ عرصہ بعد ملا منصور کی ایک اور شناخت سامنے آئی تھی جس میں وہ گل احمد کے نام سے ریئل اسٹیٹ کی خریداری اور بینکاری کی سہولیات کا فائدہ اٹھا رہے تھے۔