عمر اکمل نے بکی سے ملنے کا اعتراف کرلیا

عمر اکمل کی بکی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے پاس موجود ہے، ذرائع تحقیقات مکمل ہونے تک عمر اکمل کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے، پی سی بی حکام

جمعہ 21 فروری 2020 16:05

عمر اکمل نے بکی سے ملنے کا اعتراف کرلیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2020ء) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی عمر اکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے معطلی کے بعد بکی سے ملنے کا اعتراف کرلیا ہے۔پی سی بی انتظامیہ نے پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب اور میچ والے دن صبح میں اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کو رپورٹ نہ کرنے پر ٹھوس شواہد سامنے آنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم کے اہم رکن عمر اکمل کو معطل کرکے ان کے لیگ میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

ذرائع کے مطابق عمر اکمل نے معطلی کے بعد اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن یونٹ نے تمام شواہد عمر اکمل کے سامنے رکھ دیے جن کا وہ انکار نہیں کرسکے، اور صرف حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے خاموش رہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل ناپسندیدہ افراد سے ملاقاتوں کی تردید نہ بھی کرسکے، عمر اکمل کو لگائے جانے والے الزامات پر 14 دن کے اندر جواب دینا ہوگا اور اگر کرکٹر نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا تو کم سزا سے ان کی جان چھوٹ سکتی ہے، ورنہ انکار کی صورت میں عمر اکمل کا کیس اینٹی کرپشن ٹربیونل کو بھیجا جائے گا۔

واضح رہے کہ عمر اکمل کی بکی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے پاس موجود ہے، جس کے بعد ہی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت انہیں معطل کیا ہے۔دوسری جانب پی سی بی کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک عمر اکمل کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس وقت معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں لہٰذا اس واقعے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کریں گے۔اس تمام صورتحال کے بعد عمر اکمل کو جمعرات کو پہلی دستیاب فلائٹ سے کراچی سے لاہور روانہ کردیا گیا تھا اور ان کی جگہ کوئٹہ کی ٹیم میں آل رائونڈر انور علی کو شامل کیا گیا ہے۔