فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں واضح حمایت پر چین کے شکر گزار ہیں، چین کے صدر کا بھرپور خیر مقدم کریںگے

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی چینی سفیر یائو جنگ کے ساتھ ملاقات میں گفتگو

جمعہ 21 فروری 2020 16:35

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں واضح حمایت پر چین کے شکر گزار ہیں، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، چینی صدر کا عزت و احترام کے ساتھ استقبال کریں گے، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس میں واضح حمایت پر چین کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات کا مقصد چین کے صدر شی جن پنگ کے آئندہ دورہ پاکستان کے لئے تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ یہ ملاقات وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر کی گئی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت پاکستان چین کے صدر کے دورہ پاکستان کو انتہائی اہمیت دے رہی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر اور چین کے سفیر نے صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تیاریوں اور پیشرفت کا تفصیل سے جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عبدالحفیط شیخ نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دے رہا ہے۔ چین کے صدر کا پاکستان میں عزت و احترام کے ساتھ بھرپور خیر مقدم کریںگے۔ انہوں نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں بھرپور اور واضح حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور دیگر برادر ممالک نے پورے عمل میں پاکستان کے فریم ورک کو بہتر بنانے کی کوششوں میں ہمارے ساتھ بھرپورتعاون کیا۔

وزیر اعظم کے مشیر نے چین میں کورونا وائرس سے اموات پر سفیر کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ چین کے سفیر نے کہا کہ چین کے عوام کے لئے یہ مشکل وقت ہے تاہم چین کی حکومت عزم کے ساتھ اس وباء سے نبردآزما ہے اور اس پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔ انہوں نے مشکل وقت میں اظہار یکجہتی اور ساتھ دینے پر پاکستان کی حکومت اورعوام کاشکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری اور دونوں ممال کے درمیان تجارت میں اضافہ سے متعلق صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ اس منصوبہ پر پیشرفت جاری ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا اور فریقین نے اقتصادی تعاون میں اضافہ پر اتفاق کیا۔