منشا بم کے بیٹے کی پولیس اور ایل ڈی اے کی جانب سے ہراساں کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ایک ہفتے تک ملتوی

عدالت کا پولیس افسر کے تاخیر سے پیش ہونے پر برہمی کا اظہار ،درخواست گزار کو جائیداد کی ملکیتی دستاویزات اور سول کورٹ کا حکم نامہ پیش کرنے کا حکم

جمعہ 21 فروری 2020 16:48

منشا بم کے بیٹے کی پولیس اور ایل ڈی اے کی جانب سے ہراساں کرنے کے خلاف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے منشا بم کے بیٹے فیصل منشا کی پولیس اور ایل ڈی اے کی جانب سے ہراساں کرنے کے خلاف درخواست پر درخواست گزار کو جائیداد کی ملکیتی دستاویزات اور سول کورٹ کا حکم نامہ پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مسعود عابد نقوی نے فیصل منشا کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالتی حکم پر ایس پی صدر اور ایل ڈی اے کے افسران پیش ہوئے ۔ عدالت نے بروقت پیش نہ ہونے پر ایس پی صدر پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔پولیس افسر نے بتایا کہ رائیونڈ میں مصروف تھا اس وجہ سے بروقت پیش نہیں ہو سکا۔ جس پر فاضل عدالت نے کہا کہ لاہور میں سی سی پی او کے پاس آپ اکیلے آفیسر ہے، آپ نے سی سی پی او کو عدالت کے احکامات سے آگاہ نہیں کیا تھا۔

(جاری ہے)

ایس پی نے بروقت پیش نہ ہونے پر عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی ۔درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا کہ مقامی عدالت کے حکم کے باوجود باجود پولیس اور ایل ڈی اے کی جانب سے تعمیراتی کام میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے ۔ استدعا ہے کہ پولیس اور ایل ڈی اے کو تعمیراتی کام میں رکاوٹ ڈالنے اور ہراساں کرنے سے روکا جائے ۔عدالت نے درخواست گزار کو جائیداد کی ملکیتی دستاویزات اور سول کورٹ کا حکم نامہ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت ایک ہفتے تک کیلئے ملتوی کر دی۔