کچن گارڈننگ کے فروغ کیلئے موسم گرما کی سبزیوں کے پیکٹس کی شہریوں کو رعایتی قیمت پر فراہمی جاری

جمعہ 21 فروری 2020 16:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے کچن گارڈننگ کے فروغ کیلئے موسم گرما کی سبزیوں کے پیکٹس کی شہریوںکو رعایتی قیمت پر فراہمی جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق موسم گرما کی سبزیوں کا پیکٹ جن میں بھنڈی،گھیا کدو،کھیرا،ٹینڈی،ٹینڈا،گھیا توری اور تر کے بیجوں پر مشتمل 1لاکھ پیکٹس بحساب 150روپے فی پیکٹ کے حساب سے فراہم کئے جارہے ہیں۔

ایک سیڈ پیکٹ سے 5مرلے زمین پر سبزیات کی کاشت کی جا سکتی ہے۔سیڈ پیکٹس محکمہ زراعت(توسیع) کے ضلعی دفاترپر دستیاب ہیں۔انہوں نے کہاہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پورا کرنے کیلئے سبزیوں کی اہمیت مسلمہ ہے۔کچن گارڈننگ کے تحت اپنے کھیت یا گھر کے باغیچہ میں کاشت کی گئی سبزیاں تازہ، صحتمند، سستی، زرعی زہروں اور دیگر آلائشوں سے پاک ہوتی ہیں جن کے استعمال سے انسانی صحت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ کچن گارڈننگ کا مطلب گھریلو پیمانے پرایسی سبزیوں کی کاشت جو کسی بھی گھر کی روزمرہ کی ضرورت بھی ہو اور جنہیں کچن کے قریب لان، گملوں، ٹوکریوں، پلاسٹک بیگ، لکڑی و پلاسٹک کے ڈبوں وغیرہ یا چھت پر اگا کر ہر وقت تازہ سبزی کے حصول کو ممکن بنا کر گھریلو ضرورت کو پورا کیا جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ اس طرح کاشت کی گئی سبزیاں آلودگی سے پاک حاصل کی جاتی ہیں جو کیمیائی کھادوں اور زہریلی ادویات کے استعمال سے پاک ہوتی ہیں۔موسم گرما کی سبزیوں کی اگیتی کاشت کیلئے موزوں وقت وسط مارچ تک ہے۔

متعلقہ عنوان :