نئی دلی، سول سوسائٹی کی تنظیموں کا مظاہرہ ،مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرنے کا مطالبہ

جمعہ 21 فروری 2020 18:04

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2020ء) مختلف بھارتی سول سوسائٹی کی تنظیموں سے وابستہ ارکان کی ایک بڑی تعداد نے نئی دلی کے جنتر منتر میں زبردست احتجاجی مظاہرے کے دوران مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آل انڈیا سٹودنٹس ایسوسی ایشن ، آل انڈیا ڈیموکریٹک وومنز ایسوسی ایشن ،ایکٹ نو فار ہارمنی اینڈ ڈیموکریسی، انیشنل الائنس آف پیپلز موومنٹ، نیشنل فیڈریشن آف وومن ، پاکستان انڈیاپیپلز فورم فار پیس اینڈ ڈیموکریسی ، یوتھ الائنس فار پیس، سٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا، انڈین پیپلز تھیٹر ایسوسی ایشن سنگواری اینڈ خدائی خدمتگار نامی تنظیموں کے ارکان کی ایک بڑی تعداد نے جنتر منتر میں جمع ہو کر مقبوضہ کشمیر کے محکوم لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جنہیں گزشتہ پانچ اگست سے بھارتی فوجی محاصرے اور انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہندو فرقہ پرست حکومت نے 5اگست2019کو ملکی آئین کی دفعات 370اور 35اے منسوخ کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔ مظاہرے کے شرکا نے ’’فری کشمیر‘‘ نعروں والے پوسٹر بھی اٹھا رکھے تھے۔ سول سوسائٹی کے گروپوں نے بھارتی پارلیمنٹ سے محض دو کلو میٹر کی دوری پر واقع جنتر منتر میں اس مظاہرے کا انعقاد جمعہ کے روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی محاصرے کی200روز مکمل ہونے کے موقع پر کیا تھا۔