بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کر رکھا ہے،بلال صدیقی

اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال کا نوٹس لی ،کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے ،حریت رہنما

جمعہ 21 فروری 2020 18:04

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2020ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموںوکشمیر تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کو اپنے جذبات و احساسات کے اظہار سے روکنے کیلئے مقبوضہ علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کررکھا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بلال صدیقی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجی کشمیریوں کے گھروں میں داخل ہو کر مکینوں کو ہراساں کرنے کے علاوہ قیمتی گھریلو اشیاء لوٹ لیتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ گزشتہ برس پانچ اگست سے مقبوضہ علاقے میں سیاسی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد ہے۔ بلال صدیقی نے کہا کہ اگر کوئی شخص تحریک آزادی کے حق میں کوئی بات کہہ دیتاہے یا کوئی اخبار اس حوالے سے کوئی تحریر شائع کرتا ہے تو اس شخص کو فوری طور پر گرفتار کر لیا جاتا ہے اور اخبار کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

بلال صدیقی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں مکمل طور پر قبرستان جیسی خاموشی پیدا کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھارت نے گزشتہ برس پانچ اگست کو مقبوضہ علاقے کا فوجی محاصرے کرنے کے بعد انٹرنیٹ سمیت یہاں تمام مواصلاتی ذرائع معطل کر دیے تو لوگوں نے پاکستانی چینل دیکھنے کیلئے ڈش انٹینا نصب کر دیے لیکن بھارتی فوجیوں نے گھروں میں نصب یہ انٹینا اکھاڑ دیے ۔بلال احمد صدیقی نے عالمی برادری خاص طو ر پر اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال کا نوٹس لی اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے ۔