وزیراعلیٰ بلوچستان سے چیئرمین ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ برائے پولیو تدارک کی ملاقات

جمعہ 21 فروری 2020 20:20

وزیراعلیٰ بلوچستان سے چیئرمین ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ برائے پولیو ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2020ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے چیئرمین ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ برائے پولیو تدارک ڈاکٹر جان مارک اولیور (Dr.Jean Marc Oliver) نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جمعہ کے روز یہاں ملاقات کی، ملاقات کے دوران بلوچستان میں پولیو کی روک تھام اور تدارک کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے پولیو کے مسئلے کو ایک بڑے چیلنج کے طور پر لیا ہے اور اس سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے یونیسف کے اشتراک سے بھرپور اقدامات بھی کئے جارہے ہیں تاہم وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ پولیو کا مسئلہ مصنوعی اقدامات یا صرف تصویریں کھنچوانے سے حل نہیں ہوسکتا بلکہ اس کے لئے مستقل نظام اور مربوط حکمت عملی کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ معمول کے حفاظتی ٹیکہ جاتی نظام کو موثر بنیادوں پر استوارکرکے بچوں کو پولیو سمیت دیگر موذی امراض سے محفوظ بنایا جاسکتا ہے جبکہ بنیادی مراکز صحت میں مستقل بنیادوں پر ویکسینٹر کی تعیناتی اور ویکسین کی دستیابی سے بھی مطلوبہ نتائج حاصل ہوسکتے ہیں، اس ضمن میں صوبائی حکومت منصوبہ بندی کررہی ہے جس کے لئے یونیسف اور دیگر رضاکار اداروں کے تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں جاری عمودی پروگراموں کی مانیٹرنگ کے لئے ایک علیحدہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل صحت کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے، ڈاکٹر جان نے وزیراعلیٰ کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حفاظتی ٹیکہ جاتی نظام کو مستحکم بنانے کے لئے صوبائی حکومت سے مکمل تعاون کیا جائے گا،سیکریٹری صحت مدثر وحید ملک اور کوآرڈینٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان راشد رازق بھی ملاقات میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :