پاکستان کا دنیا میں سب سے زیادہ حفاظ تیار کرنے کا اعزاز برقرار ہے

جمعہ 21 فروری 2020 21:19

پاکستان کا دنیا میں سب سے زیادہ حفاظ تیار کرنے کا اعزاز برقرار ہے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) پاکستان کادنیا میں سب سے زیادہ حفاظ تیار کرنے کا اعزاز برقرار ہے، وفاق المدارس کے زیر اہتمام حالیہ تعلیمی سال کے دوران 77805 بچوں نے حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کی، خوش قسمت بچوں میں 63805 طلبہ اور 14000 طالبات شامل ہیں۔ مجموعی طور پر حفظ قرآن کریم کے شعبے میں دس پاکھ سے زائد طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔

وفاق المدارس کو قرآن کریم کی خدمت پر کئی عالمی ایوارڈ مل چکے۔ پاکستان بھر میں دستار بندی کی تقریبات جاری ہیں، حفظ قرآن کریم کے امتحانات بھی اگلے ماہ سے شروع ہو جائیں گے۔ جمعہ کو وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے میڈیا سنٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاق المدارس کے صدر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر اور جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا ہے کہ شعبہ حفظ کے مدرسین اور دینی مدارس کے منتظیمن کو اس اعزاز کا اس کریڈٹ جاتا ہے جن کی محنت سے وطن عزیز کو یہ اعزاز حاصل ہوا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان کا دنیا میں سب سے زیادہ حفاظ تیار کرنے کا اعزاز برقرار ہے، حالیہ تعلیمی سال کے دوران دینی تعلیم کے سب سے بڑے نیٹ ورک وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے ملحقہ مدارس سے 77805 خوش نصیب بچوں اور بچیوں نے قرآن کریم کا حفظ مکمل کیا ہے جن میں سے 14000 بچیاں جبکہ باقی63805 بچے شامل ہیں-یاد رہے کہ یہ وہ خوش نصیب طلبہ و طالبات ہیں جن کا اس سال حفظ مکمل ہوچکا اور وہ وفاق المدارس کے زیر اہتمام فائنل امتحانات میں شریک ہوں گے جبکہ اس وقت وفاق المدارس سے ملحقہ مدارس اور اسکولز میں دس لاکھ سے زائد بچے اور بچیاں حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔

ان دنوں ملک کے طول و عرض میں حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کرنے والے خوش نصیب بچوں، بچیوں اور ان کے والدین کے اعزاز میں تقریبات منعقد ہورہی ہیں جن میں حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کرنے والے بچوں کی دستار بندی کی جاتی ہے اور ان میں انعامات تقسیم کیے جاتے ہیں۔ یاد رہے کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ذریعے پاکستان کو دنیا بھر میں یہ اعزاز حاصل ہے کہ پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ حفاظ تیار کرنے والا ملک ہے جس پر وفاق المدارس کو کئی عالمی ایوارڈ دئیے جا چکے ہیں۔

وفاق المدارس کے زیر اہتمام فائنل امتحانات کی تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں اور ملک بھر کے لیے امتحانی مراکز اور ممتحنین کا انتخاب عمل میں لایا جا چکا ہے عنقریب امتحانات کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔ وفاق المدارس کے صدر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر اور جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے دینی مدارس کے منتظمین بالخصوص شعبہ حفظ کے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اعزاز کا کریڈٹ ان خوش نصیب حضرات کی شبانہ روز محنت کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرکاری طور پر اس اعزاز کو اتنی پذیرائی نہیں ملتی جتنی ملنی چاہیے۔ انہوں نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم اس عظیم سعادت پر رب ذوالجلال کی بارگاہ میں سجدہ شکر بجا لائے اور قرآن کریم کے خدام کی خدمت اور نصرت کو اپنی ذمہ داری اور سعادت سمجھ کر نبھائیں۔

متعلقہ عنوان :