وزیراعظم کا احساس پروگرام ایک احسن اقدام ہے، پاکستان کو ایک ماڈل فلاحی ریاست بنائینگے،وفاقی پارلیمانی سیکرٹری زین قریشی

جمعہ 21 فروری 2020 23:19

ملتان ۔21فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدوم زادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ ماضی کی حکومتوں کی لوٹ کھسوٹ کی بدولت ملکی معیشت زوال پذیر ہوئی۔ غریب غریب تر ہوا‘ امیر امیر تر ہوا۔ وزیراعظم کا احساس پروگرام ایک احسن اقدام ہے۔ جس کی بدولت نچلے طبقے کی زندگی آسان ہوگی اور وہ ایک اچھی زندگی گزارنے کے قابل ہونگے۔

ملک بھر میں مزدور اور غریب طبقہ کو چھت اور خوراک کی فراہمی کیلئے پناہ گاہیں تعمیر کی جا رہی ہیں، غریب اور امیر کیلئے یکساں نصاب لا رہے ہیں۔پاکستان کو ایک ماڈل فلاحی ریاست بنائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے حلقہ انتخاب این ای157 کی یونین کونسل کوٹلہ مہاراں ‘ یونین کونسل کڑی تمک ‘ بستی شاہ والا اور بدھلہ سنت میں بجلی کی فراہمی ‘ سڑکوں کی تعمیر و مرمت ‘ ٹف ٹائلز اور سیوریج کے منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

یہ منصوبے کروڑوں روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائینگے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں این اے 157 کو بر ی طرح نظر انداز کیا گیا ۔ یہاںکے عوام اس بات کے گواہ ہیں کہ جب بھی میرے والد وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو اللہ تعالیٰ نے عزت دی اور عوام نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام وسائل اور فنڈز عوامی ترقی پر صرف کئے۔ میں نے الیکشن کے دوران اس حلقے کے عوام سے جو وعدئے کئے تھے انشاء اللہ ان کو پورا کرنے کا وقت آن پہنچا ہے ۔

این اے 157 میں بجلی سوئی گیس ‘ سڑکو ں ‘ سیوریج ‘ صحت ‘ تعلیم سمیت تمام بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ اس حلقے کو مثالی حلقہ بنائیں گے۔ اس حلقے کی ترقی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب سے خصوصی طو ر پر گرانٹ منظور کروائی ہے اور جہاں سے ممکن ہوا فنڈز اور وسائل لیکر حلقے کی ترقی پر خرچ کرینگے۔قبل ازیں مخدوم زادہ زین حسین قریشی نے یونین کونسل کوٹلہ مہاراں کی مختلف چکوک میں بجلی کی فراہمی ‘ ٹف ٹائل اور سیوریج کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔

انہوں نے یونین کونسل کڑی تمک میں بھی بجلی ‘ سڑکوں اور ٹف ٹائلز کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری یونین کونسل بدھلہ سنت گئے جہاں انہوں نے سابق ناظم جاوید اقبال سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ بعد ازاں انہوں نے بدھلہ سنت کے مختلف چکوک میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور مقررہ وقت کے اندر منصوبو ںکو مکمل کیا جائے ۔