ھ*محکمہ صحت ٹی ایم اوز انڈکشن کے لیے دیرپا اقدامات اٹھانے میں سنجیدہ ہے۔ سیکریٹری صحت

جمعہ 21 فروری 2020 23:00

fپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2020ء) خیبرپختونخوا میں ٹرینی میڈیکل آفیسرز کی انڈکشن سے متعلق پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے پرنسپلز، ڈینز اور نمائندوں پر مشتمل اجلاس سیکرٹری صحت محمد یحیٰی اخونزادہ اور چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے صحت ایم پی اے ڈاکٹر سمیرا شمس کی زیر صدارت ہیلتھ سیکریٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چانسلر خیبر میڈیکل کالج ارشد جنید بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں ٹرینی میڈیکل آفیسرز کی پرائیویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹس میں انڈکشن سے متعلق معاملات پر تفصیلی بحث کی گئی اور اس حوالے سے ماہرین پر مشتمل ایک 4 رکنی کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا جو ٹرینی ڈاکٹرز کی انڈکشن سے متعلق اپنی تجاویز پیش کرے گی۔ اجلاس میں اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ پرائیویٹ میڈیکل کالجز اسپیشلائزیشن کے لیے مختص سیٹوں کی تعداد میں ہر سال اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی اسپیشلٹی کو بھی بڑھائیں گے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت کا اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کوشش کی جائے گی کہ صوبے میں قائم زیادہ سے زیادہ پرائیویٹ میڈیکل کالجز کو پوسٹ گریجویشن ایجوکیشن کے اجراء کے لیے قائل کیا جائے۔ محمد یحیٰی اخوانزادہ نے کہا کہ محکمہ صحت ٹرینی میڈیکل آفیسرز کی انڈکشن کے لیے مستقل اور دیرپا اقدامات اٹھانے میں سنجیدہ ہے۔