ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے ملاقات

جمعہ 21 فروری 2020 23:15

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے جمعہ کو وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے ملاقات کی، ملاقات میں سینیٹر احمد خان بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت خطے میں امن و امان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں صوبہ بلوچستان کے حوالے سے خصوصی بات چیت ہوئی۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کوئٹہ میں شاہراہ اقبال پر ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ وافسوس کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں میں کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے سیف سٹی منصوبہ کے قیام میں پیش رفت اور اس منصوبے کے ڈیزائن پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے بلوچستان اور خصوصاً کوئٹہ شہر میں قیام امن کیلئے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کوئٹہ شہر جو 1935ء کے ہولناک زلزلے کی وجہ سے تباہ ہوگیا تھا اس کی دوبارہ تعمیر اٴْس دور کی آبادی کے تناسب سے کی گئی تھی جو 50 ہزار نفوس پر مشتمل تھی مگر آج شہر کی آبادی 23 لاکھ تک پہنچ چکی ہے اور اسی طرح شہر ی ضروریات بھی بہت بڑھ گئیں ہیں۔ کوئٹہ شہر میں اس وقت سہولیات کا فقدان ہے۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں کوئٹہ شہر کی خوبصورتی کو بحال کرنے کیلئے صوبائی حکومت کے مختلف منصوبوں جن میں سڑکیں، پل، انڈر پاسز، پارکنگ پلازے، روڈ پارکنگ سمیت تفریح گاہوں کا قیام شامل ہیں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کوئٹہ شہر میں ٹریفک جام، ماحولیاتی آلودگی، پانی کی کمی جیسے مسائل بھی ملاقات کا موضوع رہے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کی کوئٹہ کے مسائل حل کرنے میں خصوصی دلچسپی کو سراہا جبکہ جام کمال خان نے صوبہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے کردار کو سراہا۔