نعیم الحق کی وفات سے پارٹی کو بہت بڑا دھچکا لگا ہے، ان کا مقام اور کردار ہمارے لئے مشعل راہ ہے، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری

جمعہ 21 فروری 2020 23:35

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نی کہاہے کہ نعیم الحق کی وفات سے پارٹی کو بہت بڑا دھچکا لگا ہے ان کا مقام اور کردار ہمارے لئے مشعل راہ ہے، نعیم الحق مرحوم پارٹی کے بانی رکن، دیرینہ ساتھی، نہایت نفیس انسان، سچ گو اور اچھے اخلاق کے مالک تھے ،انھوں نے ہمیشہ پارٹی اور کارکنان کیلئے قربانیاں دیں۔

جمعہ کویہاں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور اور پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی رہنماء نعیم الحق مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قاسم خان سوری نے کہا کہ مرحوم کارکنان کی آواز تھے وہ ہمیشہ کارکنان کی فلاح و بہبود کیلئیکام کرتے رہے اور کارکنان کو پارٹی کا اثاثہ سمجھتے تھے، مشکل وقت میں پارٹی چیئرمین وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دیا۔

(جاری ہے)

قاسم کان سوری نے بارگاہ الٰہی میں دعا کی کہ اللہ تعالی نعیم الحق کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس نصیب کرے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ گزشتہ روز دہشتگردوں نے ایک بار پھر کوئٹہ کا امن خراب کرنے کی ناپاک سازش کی اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جو انتہائی افسوس ناک ہے، اس طرح کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، اللہ اس ملک اور صوبہ بلوچستان کو امن کا گہوارا بنائے۔

انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دشمنوں کا مقابلہ کریںگے اور عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے، انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنا ہو گا کیونکہ دہشتگردی کو ختم کیے بغیر نہ آگے جا سکتے ہیں اور نہ ہی ترقی کر سکتے ہیں۔ اس سے قبل ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کوئٹہ بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی جبکہ سانحے کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔ تعزیتی ریفرنس کے بعد خصوصی دعا اور خیرات بھی تقسیم کی گئی۔