اجتماعی شادی میں سینکڑوں دلہے اور دلہنوں کے منہ پر ماسک چڑھا کر ایک دوسرے کو بوسے

فلپائن کے کورونا وائرس سے متاثرہ شہر میں سینکڑوں جوڑوں نے اجتماعی شادی میں سرجیکل ماسک پہن کر بوسے دیے

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر ہفتہ 22 فروری 2020 06:56

اجتماعی شادی میں سینکڑوں دلہے اور دلہنوں کے منہ پر ماسک چڑھا کر ایک ..
منیلا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 فروری 2020ء) اجتماعی شادی میں سینکڑوں دلہے اور دلہنوں کا منہ پر ماسک چڑھا کر ایک دوسرے کو بوسے دینے کا منفرد عمل۔ فلپائن کے کورونا وائرس سے متاثرہ شہر میں سینکڑوں جوڑوں نے اجتماعی شادی میں سرجیکل ماسک پہن کر بوسے دیے۔ 
انتظامیہ نے شادی کی تقریب میں شرکت سے قبل جوڑوں کو پابند کیا کہ وہ منہ پر ماسک چڑھا لیں۔

تقریب میں شریک جوڑوں کو گزشتہ 14 دنوں کا سفری ریکارڈ دکھانے کا بھی کہا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک اجمتاعی شادی کی تقریب میں سینکڑوں شادی شدہ جوڑوں کے ایک دوسرے کو آسمانی رنگ کے ماسک پہن کر بوسے دینے کا عمل سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
ڈیلی میل کی ایک رپورٹ کے مطابق فلپائنی شہر بیکولوڈ میں ایک اجتماعی شادی کی تقریب میں قریباََ 220 جوڑوں نے چہروں پر ماسک چڑھا کر ایک دوسرے کو بوسے دیے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ایسا عمل کورونا وائرس کے خوف کے باعث کیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے تقریب میں شرکت سے قبل جوڑوں کی صحت کی تفصیلات اور گزشتہ دو ہفتوں کی سفری معلومات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ 
واضح رہے کہ فلپائن میں ابھی تک کورونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آ چکے ہیں جبکہ وائرس سے متاثرہ ایک شخص ہلاک بھی ہوا ہے۔

علاوہ ازیں چین میں کورونا وائرس سے مزید 118 افراد ہلاک ہونے کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 236 ہو چکی ہے۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق کورونا وائرس کے مزید 889 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 75 ہزار 465 تک جا پہنچی ہے۔ چین سے باہر کورونا وائرس سے اب تک 11 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ ایک ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ وائرس کے متاثرین کی تعداد میں کمی آ رہی ہے تاہم متاثرہ افراد کی ہلاکتوں کا سلسلہ نہیں روکا جا سکا ہے۔ اس کے علاوہ چین میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی مدد سے کورونا وائرس کے علاج کے لیے 2 ادویہ کی آزمائشی جانچ شروع کر دی گئی ہے، ان ادویہ کے نتائج 3 ہفتوں میں سامنے آئیں گے۔ جنوبی کوریا میں بھی 156 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ جاپان سے آسٹریلیا پہنچنے والے دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، دونوں افراد جاپان میں لنگر انداز بحری جہاز میں سوار تھے۔

ایران میں کورونا وائرس کے مزید تین کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، دوسری جانب یوکرائن میں بھی ووہان سے آنے والوں کو قرنطینہ لے جانی والی بس پر لوگوں نے پتھراؤ کیا، روڈ بلاک کیے اور ٹائر جلائے۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس کے بعد متعدد افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔