پی ایس ایل کے ٹاپ پرفارمرز نظر میں ہونگے: وقار یونس

سری لنکا اور بنگلادیش کے بعد پی ایس ایل کے تمام میچزکا پاکستان میں ہونا بہت زبردست ہے:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 22 فروری 2020 11:46

پی ایس ایل کے ٹاپ پرفارمرز نظر میں ہونگے: وقار یونس
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22فروری2020ء ) سابق کپتان وقاریونس کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل تمام نوجوانوں کے لیے زبردست پلیٹ فارم ہے کہ وہ اپنی صلاحیت کا لوہا منوائیں، ہر بولراور بیٹسمین پر خصوصی نظر ہوگی۔وقاریونس کا کہنا ہے کہ سری لنکا اور بنگلادیش کے بعد پی ایس ایل کے تمام میچزکا پاکستان میں ہونا بہت زبردست ہے، چار شہروں میں 34میچز ہونے سے پوری دنیا میں پاکستان کی نیک نامی میں اضافہ ہوگا۔

ایم سی سی کا دورہ پاکستان انگلینڈ ، نیوزی لینڈ اور دوسری ٹیموں کے لیے دروازے کھولنے میں بہت مدد دے گا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے قومی ٹیم کے بولنگ کوچ نے کہا کہ پی ایس ایل تمام نوجوانوں کے لیے زبردست پلیٹ فارم ہے کہ وہ اپنی صلاحیت کا لوہا منوائیں، ہر بولراور بیٹسمین پر خصوصی نظر ہوگی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 5ویں ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور یہ پہلی مرتبہ ہوگا جب پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان کی سرزمین پر کھیلے جائیںگے۔

2016ء سے شروع ہونے والی لیگ درجہ بدرجہ پاکستان منتقل ہوئی۔ لیگ کے پہلے ایڈیشن کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تاہم ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن میں ٹورنامنٹ کو پاکستان لانے کا آغاز کیا گیا تھا۔ لیگ میں دنیا بھر کر نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزما ہونگی جن کے درمیان 34 میچز مخلتف وینیو پر کھیلے جائیںگے، لیگ میں شامل 6 ٹیموں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل ہیں فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جائیں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کرینگے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سرفراز احمد کرینگے، کراچی کنگز کی کمان عماد وسیم کو سونپی گئی ہے ، لاہور قلندرز سہیل اختر کی زیر قیادت میدان میں اترے گی، پشاور زلمی کی قیادت ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ڈیرن سمی کرینگے جب کہ ملتان سلطانز ٹیم کی قیادت شان مسعود کرینگے۔ لیگ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں اور اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہیں۔ لیگ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل میچ 22مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔