وزیراعظم پاکستان عمران خان کے کامیاب نوجوان پروگرام نے ذہین اور باصلاحیت نوجوانوں کے لیے کامیابی کے درکھول دیئے ہیں، عثمان ڈار

ہفتہ 22 فروری 2020 12:31

وزیراعظم پاکستان عمران خان کے کامیاب نوجوان پروگرام نے ذہین اور باصلاحیت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2020ء) وزیراعظم کے مشیر عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے کامیاب نوجوان پروگرام نے ذہین اور باصلاحیت نوجوانوں کے لیے کامیابی کے درکھول دیئے ہیں اور ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں آگے بڑھنے کے بھر پور مواقع فراہم کئے ہیں۔

انہوں نے مائیکرو سافٹ کے تعاون سے پاکستان میں ’’امیج کپ 2020ء‘‘ کے حوالے سے منعقد کی گئی تقریب کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور نواجوان سافٹ ویئر انجینئرز کامیاب ماڈل تخلیق کر رہے ہیں جو جدت اور سہولت کا خوبصورت امتزاج ہیں۔ ڈائریکٹرآپریشنز ایچ ای سی چوہدری عبداللہ فیاض چٹھہ نے کہا کہ چیئر مین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری کی سربراہی میں ہائرایجوکیشن کمیشن فاونڈیشن یونیورسٹی کے طلباء وطالبات کو ریسرچ کی جدید سہولیات فراہم کر رہا ہے اور اس مقصد کے لیے یونیورسٹی کا تعلیمی چینل ہر ممکن معلومات عام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اسسٹینٹ ڈائریکٹر رانا شالق علی نے کہا کہ ذرائع ابلاغ عامہ کے تعاون سے یونیورسٹی کے تعلیمی و تحقیقی پروگراموں کی آگاہی عام کی جاری ہے ۔ فاونڈیشن یونیورسٹی کے منیجر انکیوبیشن سینٹر سید تیمور حسن نے کہا کہ اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کی خدمات نمایاں ہیں اور اب تک سینکڑوں طلباء و طالبات مستفید ہوچکے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ مائیکرو سافٹ کے عالمی ادارے نے پاکستانی طلباء طالبات کو بین الااقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کر کے بھر پور معاونت کی ہے۔