متحدہ عرب امارات پر ایک بار پھر کرونا وائرس نے حملہ کر دیا

امارات میں مزید 2 نئے مریض سامنے آ گئے، ایک کا تعلق فلپائن جبکہ دوسرے کا بنگلہ دیش سے ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 22 فروری 2020 12:29

متحدہ عرب امارات پر ایک بار پھر کرونا وائرس نے حملہ کر دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22فروری 2020ء) اس وقت دُنیا بھر پر کرونا وائرس کا خوف بھُوت بن کر منڈلا رہا ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس میں ہلاکتوں کی تعداد2 ہزار سے زائد ہو گئی ہے اور 60 ہزار سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ جبکہ دو درجن سے زائد ممالک میں بھی کرونا وائرس کے مریض پہنچ چکے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں بھی کرونا وائرس کے اب تک9 مریض سامنے آ چکے ہیں۔ تاہم اماراتی وزارت صحت کی جانب سے ایک اور بُری خبر سُنائی گئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق امارات سے کرونا وائرس کا خطرہ ٹلا نہیں۔ مزید دو افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جن میں سے ایک کا تعلق فلپائن سے ہے جبکہ دوسرے کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے۔ بنگلہ دیشی مریض کی عمر 39 سالہ بتائی جا رہی ہے جبکہ فلپائنی کی عمر 34 سال ہے۔

(جاری ہے)

وزارت صحت کے مطابق اب تک امارات میں کرونا وائرس کے 11 مریض سامنے آ چکے ہیں۔ یہ دونوں مریض کرونا وائرس کے شکار اُن چینی مریضوں کے جاننے والے تھے، جن کاامارات میں علاج کیا گیا تھا ، او راب وہ صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ایسے تمام لوگوں کا ریکارڈ لے کر ان کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں جو اس موذی مرض سے متاثر ہونے والے افراد سے رابطے میں رہے ہیں تاکہ مملکت میں کرونا وائر س کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی صفائی سُتھرائی کا خاص خیال رکھیں۔ جن میں ہاتھوں کو صابن اور صاف پانی سے دھونا، کھانستے اور چھینکتے وقت اپنے منہ کو ڈھانپ کر رکھنا ہے تاکہ خطرناک وائرس اور جراثیموں کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔ واضح رہے کہ امارات میں کرونا وائرس کے اب تک گیارہ مریض سامنے آ چکے ہیں۔ جس کی وجہ سے اماراتی عوام بہت تشویش میں مبتلا ہیں۔

تاہم اچھی بات یہ ہے کہ تمام مریض آہستہ آہستہ صحت یاب ہو رہے ہیں۔ اماراتی وزارت صحت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ امارات میں کرونا وائرس کے زیر علاج مزید دو مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔ دونوں خوش نصیب مریضوں کا تعلق چین سے ہے اور دونوں باپ بیٹا ہیں۔ والد کی عمر 41 سال جبکہ بیٹے کی عمر 8سال ہے۔ اس طرح کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق کرونا وائرس کے مریضوں کی صحت یابی اس بات کا ثبوت ہے کہ امارات کے ہسپتالوں میں بہترین اور جدید علاج و معالجے کی سہولیات دستیاب ہیں۔ امارات کا طبی نظام متعدی بیماریوں سے بھی نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ امارات میں مقیم مقامی اور تارکین وطن کی صحت اور زندگیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔