وزیراعظم کا پٹرول 27 روپے سستا کرنے کی خواہش کا اظہار

قومی خزانے پربوجھ پڑنے سے بچنے کیلیے پٹرولیم مصنوعات پر 8 سے 15 روپے فی لیٹر کمی کی تیاری؛گرینڈ ریلیف پیکج کے تحت چینی، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی کمی ہو گی، منظوری آئندہ ہفتے دی جائے گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 22 فروری 2020 13:03

وزیراعظم کا پٹرول 27 روپے سستا کرنے کی خواہش کا اظہار
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 22 فروری 2020ء ) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق عوام کے لیے گرینڈ ریلیف پیکج تیار کر لیا گیا۔چینی پر جی ایس ٹی میں 5 سے 8 فیصد تک کمی کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔اسٹیٹ بینک کے پالیسی ریٹ 13.25 فیصد میں کمی لانے کی تیاری مکمل کر لی گئی۔اس کے علاوہ پٹرول اور ڈیزل کی مد میں عوام کو بڑا ریلیف دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پٹرول 27 اور ڈیزل 30روپے سستا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے تاہم انہیں وزارت خزانہ اور ایف بی آر نے قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ سے آگاہ کیا جس کے بعدامکان ظاہر کیا جا رہے کہ عوام کو پٹرولیم مصنوعات پر 8 سے 15 روپے کمی کا ریلیف مل سکتا ہے۔ ۔
علاوہ ازیں گیس ٹیرف کی مد میں 68 ارب روپے ریلیف دینے کی تیاری کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بجلی ٹیرف میں 80 ارب روپے کا ریلیف دینے کی تیاری کر لی گئی ہے۔وزیراعظم نے وزارت خزانہ کی مخالفت کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم نے مہنگائی کے ستائے عوام پر 160 ارب کا بوجھ کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔گرینڈ ریلیف پیکج کی حتمی منظوری آئندہ ہفتے دی جائے گی۔خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم نے پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کرنے کا روڈ میپ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔

ق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرپیغام دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کا روڈ میپ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے، عوام کے دکھوں کا مداوا اور ان کیلئے ریلیف کی فراہمی ہمارا بنیادی نصب العین ہے۔ انھوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کے فیصلوں کے بوجھ پاکستان کے عوام نے اپنی کندھوں پر اٹھائے ہوئے ہے۔