کورونا وائرس سے اٹلی میں پہلی ہلاکت، نئے کیسز کا تعلق چین سے واضح نہیں،عالمی ادارہ صحت

ہفتہ 22 فروری 2020 13:37

کورونا وائرس سے اٹلی میں پہلی ہلاکت، نئے کیسز کا تعلق چین سے واضح نہیں،عالمی ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2020ء) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کے متعدد نئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کا تعلق چین سے واضح نہیں ہوتا۔ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈانوم نے ایران میں کورونا وائرس سے مزید دو ہلاکتوں کی تصدیق کی جس پر ایرانی ہیتلھ حکام کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ کورونا وائرس پہلے سے ایران کے تمام شہروں میں موجود ہو۔

اٹلی سے بھی کورونا وائرس کے نتیجے میں ہلاکت کا پہلا کیس سامنے آیا ہے جن کا تعلق شمالی شہر پادوا سے تھا، پہلی ہلاکت کے خوف سے اٹلی کے حکام نے قریبی سکولوں اور پبلک مقامات کو بند کر دیا ہے۔ادھر لبنان اور اسرائیل میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

کووڈ19 کے نئے کیسز پر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا کہ وائرس کو روکنے کے مواقع کم ہوتے جا رہے ہیں مگر دیگر ممالک سے رپورٹ ہونے والے نئے کیسز کا تعلق چین سے واضح نہیں ہوتا۔

چین کے باہر 30 ممالک میں اب تک 1152 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر اس سے ہلاکتوں کی تعداد 11 ہو چکی ہے۔چین میں کورونا وائرس سے مزید 109 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 76 ہزار 288 تک جا پہنچی ہے۔ نئے اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد چین میں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 300 سے تجاوز کر گئی ہے۔چینی حکام کا کہنا ہے کہ وائرس کے متاثرین کی تعداد میں کمی آ رہی ہے تاہم متاثرہ افراد کی ہلاکتوں کا سلسلہ نہیں روکا جا سکا ہے۔چین میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی مدد سے کورونا وائرس کے علاج کے لیے 2 ادویہ کی آزمائشی جانچ بھی شروع کر دی گئی ہے، ان ادویہ کے نتائج 3 ہفتوں میں سامنے آئیں گے۔