مدینہ منورہ، گاڑی پر فائرنگ کرنے والا شخص گرفتار

ہفتہ 22 فروری 2020 13:37

مدینہ منورہ، گاڑی پر فائرنگ کرنے والا شخص گرفتار
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2020ء) مدینہ منورہ میں ایک گاڑی پر فائرنگ کرنے اور اس کے ڈرائیور کو دانستہ طور کچلنے والے سعودی باشندے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق مدینہ منورہ صوبے کی پولیس کے میڈیا ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ روز دوپہر 12 بجے پولیس کے گشتی دستوں کو اطلاع ملی کہ ایک شخص نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس سے گاڑی کی پیچھے والی سکرین کو نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں گاڑی کا ڈرائیور جب اتر کر سواری سے باہر آیا تو ملزم نے اس کو اپنی گاڑی سے کچلنے کی کوشش کی اور فرار ہو گیا۔ بعد ازاں سیکورٹی فورسز نے طیبہ کے علاقے میں ایک گھر کو گھیرے میں لے لیا جہاں فائرنگ کرنے والا شخص چھپ گیا تھا۔ اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور پھر چھاپا مارے جانے پر مذکورہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق ملزم سعودی شہری ہے اور وہ عمر کی چوتھی دہائی میں ہے۔ گرفتاری کے دوران ملزم کی فائرنگ سے سیکورٹی فورسز کے تین اہل کار زخمی ہو گئے۔ تینوں اہل کاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا تا کہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔