سابق حکومتوں میں قومی خزانے کو لوٹا نہیں نوچا گیا ،خمیازہ آج قوم بھگت رہی ہے ‘ ترجمان پنجاب حکومت

مشکل وقت ختم ہو چکا ہے ،عوام کو ریلیف ملنا شروع گیا، زراعت اور لائیو سٹاک کے ذریعے معیشت کو ترقی دینگے‘ مسرت جمشید چیمہ

ہفتہ 22 فروری 2020 13:57

سابق حکومتوں میں قومی خزانے کو لوٹا نہیں نوچا گیا ،خمیازہ آج قوم بھگت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2020ء) پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مشکل وقت ختم ہونے کے بعد عوام کو بتدریج ریلیف ملنا شروع ہو گیا ہے ،سابقہ حکومتوں میںقومی خزانے کو لوٹا نہیں بلکہ نوچا گیا جس کا خمیازہ آج قوم بھگت رہی ہے ،ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کیخلاف کریک ڈائون جاری ہے جس کے مثبت اثرات برآمدہوئے ہیں، زراعت اورلائیو سٹاک کے ذریعے معیشت کو ترقی دی جائے گی ، بلاول بھٹو جتنی مرضی سیاسی بڑھکیں لگالیں عوام او ر کارکنان ان کے کرپشن کے بیانیے سے متنفر ہو چکے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کا ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے حوالے سے بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے ، اپوزیشن جماعتیں وزیر اعظم عمران خان کے بغض میں قومی سالمیت اور مفادات پر ضرب لگانے کی کوشش کرتی ہیں جو قابل مذمت ہے ۔

(جاری ہے)

ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے اقدامات کو سراہا گیا ہے اور انشا اللہ پاکستان جلد گرے لسٹ سے بھی نکل جائے گا ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سابقہ حکومت نے اپنی سیاست کو بچانے کیلئے کاسمیٹیکس پالیسیاں اپنائیں ،ڈالر کو مصنوعی طریقے سے منجمد رکھا گیا جس نے معیشت کا سوا ستیا ناس کیا ۔موجودہ حکومت کے مشکل فیصلوں سے روپیہ اور زر مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہورہے ہیں جبکہ تجارتی خسارے میں ریکارڈ کمی او ربرآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے ، یہ تمام اشاریے معیشت کی بہتری کی جانب گامزن ہونے کی علامات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کو ریلیف دینے کیلئے سنجیدہ ہیں اور اس کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں، عوام کا استحصال کرنے والے مافیاز کا کڑا محاسبہ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ قرضوں کے اژدھا سے چھٹکارا حاصل کئے بغیر ترقی کا پہیہ پوری رفتار سے نہیں گھوم سکتا اسی لئے حکومت مشکلات سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ قرضوں کی ادائیگی کیلئے بھی پیشرفت کر رہی ہے اور سابقہ حکومت کے لئے گئے قرضوں کی مد میں اربوں روپے واپس کئے گئے ہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پسے ہوئے طبقات کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقداما ت اٹھا کر فلاحی ریاست کے نعرے کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں اور انشا اللہ جلد عوام کی زندگیوں میں خوشحالی اور آسودگی آئے گی اور تنقید کرنے والے منہ چھپاتے پھریں گے۔