شائقین کا سکیورٹی انتظامات کو’’کراؤڈ فرینڈلی‘‘بنانے کا مطالبہ

کام کے دنوں میں دوپہر کے میچز کرانا بھی مناسب فیصلہ نہیں:کرکٹ شائق

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 22 فروری 2020 14:42

شائقین کا سکیورٹی انتظامات کو’’کراؤڈ فرینڈلی‘‘بنانے کا مطالبہ
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22فروری2020ء ) شائقین کرکٹ نے پی ایس ایل میں سکیورٹی انتظامات کو کراؤڈ فرینڈلی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے گلہ کیا ہے کہ کراچی میں کام کے دنوں میں دوپہر کے میچز کرانا بھی مناسب فیصلہ نہیں ہے ۔واضح رہے کہ پی ایس ایل فائیو کے گزشتہ روز کھیلے گئے پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان ایونٹ کے دوسرے میچ میں شائقین کی بڑی تعداد میدان تک نہیں پہنچ سکی اور سہ پہر تین بجے شروع ہونیوالے معرکے میں اگرچہ شائقین کی آمد کی صورتحال میں بہتری دکھائی دی لیکن اکثر انکلوژرز آدھے ہی بھر سکے کیونکہ بیشتر افراد نماز جمعہ کی ادائیگی میں مصروف تھے۔

شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ کراچی میں دوپہر کے وقت میچز کرانے کا فیصلہ مناسب نہیں ہے کیونکہ ورکنگ ڈے ہونے کے باعث لوگوں کی اکثریت کیلئے دوپہر کے اوقات میں سٹیڈیم آکر میچ دیکھنا ممکن نہیں ہوتا ہے لہٰذا پی سی بی کو تمام میچز شام کو شیڈول کرنے چاہئے تھے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ میچز سے لطف اندوز ہو سکتے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ نیشنل سٹیڈیم میں افتتاحی میچ کے سوا تمام مقابلے دن میں رکھے گئے ہیں جس کی وجہ سے شائقین کی آمد اثر انداز ہو رہی ہے تاہم اتوار کو چھٹی کے سبب اس تعداد میں اضافے کی توقع ہے ۔

شائقین کو سٹیڈیم سے منسلک اطراف کی سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک جام اور سخت سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے بھی شدید مشکلات درپیش ہیں جن کا کہنا ہے کہ حفاظتی انتظامات کو کراؤڈ فرینڈلی بنانے کے ساتھ ٹریفک کے نظام میں بھی بہتری درکار ہے تاکہ لوگ میچوں کا بھرپور لطف اٹھا سکیں۔