قائمہ کمیٹی کا انڈس موٹر ز کا دورہ،گاڑیوں کی تیاری کا مشاہدہ

لوکلائزیشن میں کوششیں قابل ستائش ، انجینئرنگ صنعت کو فائدہ پہنچا ، سجاد حسین طوری

ہفتہ 22 فروری 2020 15:55

قائمہ کمیٹی کا انڈس موٹر ز کا دورہ،گاڑیوں کی تیاری کا مشاہدہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2020ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار نے گزشتہ روزانڈس موٹر کمپنی کا دورہ کیا اور گاڑیوں کی تیاری کے عمل کا مشاہدہ کیا،کمیٹی کی قیادت چیئرمین قائمہ کمیٹی سجاد حسین طوری نے کی، دیگر ارکان میں ناصر خان موسی زئی، محمد اکرم، صاحب زادہ صبغت اللہ، ساجدہ بیگم، اسامہ قادری،پرویز ملک، ریاض الحق اور مہر ارشاد احمد خان کے ساتھ حکومت اور کمپنی کے سینئر حکام بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر سجاد حسین طوری نے لوکلائزیشن میں کمپنی کی کامیابی کو سراہتے ہونے کہا کہ لوکلائزیشن کی وجہ سے ملک میں معاشی بہتری اور روزگار میں بھی اضافہ ہوا ہے ،اس ضمن میں کمپنی کی کوششیں قابل ستائش ہیں جس سے انجینئرنگ صنعت کو فائدہ پہنچا ہے ۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے کمپنی کی سرمایہ کاری میں اضافے اور پیداواری عمل میں توسیع کو بھی سراہا۔انہوں نے افرادی قوت کی مہارت، ان کا نظم و ضبط اور اس حوالے سے کمپنی کی سرمایہ کاری کو اہم قرار دیا۔

کمیٹی نے آئی ایم سی کی سماجی معاملات میں کردار کی بھی تعریف کی جس میں دس لاکھ پودوں کی شجرکاری مہم اور دیگر اقدامات تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مثالوں پر دیگر اداروں کو بھی عمل کرنا چاہیے ۔آئی ایم سی کے سی ای اوعلی اصغر جمالی نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ پالیسیوں پر مستقل مزاجی سے عمل کر ے تاکہ صنعت کے لیے ایک بہتر معاون ماحول مہیا ہوسکے ،لوکلائزیشن کو بھی فروغ دیا جائے ۔