پی ایس ایل 5،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 149رنز کا ہدف دیدیا

جیسن روئے کی نصف سنچری،وہاب کے2شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 22 فروری 2020 15:45

پی ایس ایل 5،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 149رنز کا ہدف ..
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22فروری2020ء ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے149 رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کی دعوت پر بیٹنگ کا آغاز کیا تو جیسن روئے اور شین واٹسن نے اننگز کی شروعات کیں۔شین واٹسن لگاتار دوسرے میچ میں کوئی خاطر خواہ کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے اور 8رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

احمد شہزاد نے لیام ڈاسن کو چھکا لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کرنے کی کوشش کی لیکن نوجوان محمد عامر خان نے ٹام بینٹن کی مدد سے ان کی 12رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اس کے بعد جیسن روئے کا ساتھ دینے کپتان سرفراز احمد آئے اور کپتان نے وکٹ پر آتے ہی تیزی سے رنز بنانے کا سلسلہ شروع کیا۔ انہوں نے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالتے ہوئے جیسن روئے کے ہمراہ 62رنز کی شراکت قائم کی جس میں سرفراز کا حصہ 41 رنز کا رہا لیکن اپنے ہم منصب ڈیرن سیمی کی پہلی گیند پر چوکا لگانے کے بعد اگلے گیند پر ٹام بینن کو کیچ دے بیٹھے،پہلے میچ کے ہیرو اعظم خان کچھ نہ کرپائے اور5 رنز بنا کر وہاب کی گیند پر بولڈ ہوئے، محمد نواز بھی صرف 2 رنز بنا سکے ،۔

(جاری ہے)

اس سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن یسمی نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے آج گزشتہ میچ سے بہتر کھیل پیش کر سکیں، ہم پہلے باؤلنگ اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہدف کا تعاقب کرنا پسند کرتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کراچی کی پچ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی پچ بہت بہترین ہے، گزشتہ روز بھی اس وکٹ پر بہترین میچ ہوا اور آج بھی یہ بیٹنگ کے لیے بہترین وکٹ لگ رہی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کے خواہاں تھے لیکن اب اچھا سکور کر کے میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔سرفراز نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ طبیعت کی خرابی کی وجہ سے بین کٹنگ کی جگہ آج ٹائمل ملز کھیل رہے ہیں جبکہ عبدالناصر کی جگہ احسن علی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

دونوں ٹیموں پاکستان سپر لیگ کے روایتی حریف تصور کیے جاتے ہیں اور کئی مواقعوں پر دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے جس میں کبھی گلیڈی ایٹرز کامیاب رہے اور کبھی فتح نے پشاور زلمی کے قدم چومے۔ ابتک دونوں ٹیموں کے درمیان13میچ کھیلے گئے جس میں سے7میں گلیڈی ایٹرز کامیاب رہے جبکہ پانچ میں پشاور زلمی نے فتح حاصل کی، ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا۔